کراچی: بھارت کے غرانے سے ہی کاغذی’’ٹائیگرز‘‘ کانپ اٹھے، بگ تھری کے جواب میں بننے والا ’’اسمال فور‘‘ گروپ دوسرے ہی روز ٹوٹ گیا۔
بنگلہ دیش نے گائیڈ لائن پر دستخط کر دیے جبکہ ڈالرز کے تصور سے سری لنکا کا ایمان بھی ڈانوا ڈول ہونے لگا ہے، اس کی جانب سے بھی جلد پارٹی تبدیل کیے جانے کا امکان روشن ہو گیا، یوں پاکستان اور جنوبی افریقہ ہی میدان میں بچیں گے، لہذا بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ کا دنیائے کرکٹ پر قبضہ یقینی ہوگیا،9 فروری کے اجلاس میں صرف رسمی مہر ثبت کی جائے گی، دوسری جانب گذشتہ روز بھی انگلش بورڈ کے نمائندے پی سی بی کو ساتھ ملنے کیلیے مختلف ترغیبات دینے لگے، ان میں سے ایک ذکا اشرف کو آئی سی سی کا صدر بنانے کی پیشکش بھی ہے۔ تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کی گرما گرمی سے بھرپور میٹنگز گذشتہ روز دبئی میں ختم ہو گئیں،انٹرنیشنل کرکٹ کے تمام معاملات کو اپنے قابو میں کرنے کیلیے بھارتی بورڈ نے انگلینڈ اور آسٹریلیا سے مل کر جو جال بچھایا اس میں بیشتر ممبر ممالک پھنستے چلے گئے، صرف پاکستان اور جنوبی افریقہ نے واضح موقف اپنایا۔
بنگلہ دیشی بورڈ پہلے تو ’’بگ تھری‘‘ کے ساتھ مل گیا تاہم جب ’’ٹو ٹائر ٹیسٹ سسٹم‘‘ کے نتیجے میں اس کا اسٹیٹس خطرے میں پڑا تو ملک میں طوفان برپا ہو گیا، سڑکوں پر مظاہرے ہونے کے بعد وزیر اعظم شیخ حسینہ نے بورڈ کو حکم دیا کہ کسی صورت ایسا نہیں ہونا چاہیے، اس وجہ سے بورڈ کو’’ اسمال فور‘‘ میں شامل ہونا پڑا،سری لنکا نے بھی سابق کرکٹرز اور وزیر کھیل کے دبائو میں انھیں جوائن کرلیا، بازی پلٹے دیکھ کر بی سی سی آئی کے سربراہ سری نواسن نے بنگلہ دیش کو واضح دھمکی دے دی کہ اگر بات نہ مانی تو ہماری ٹیم ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کیلیے ٹورز نہیں کرے گی، ایسے میں بی سی بی نے منت سماجت شروع کر دی تو ’’بگ تھری‘‘ نے ٹیسٹ ٹیموں کو دو ڈویژنز میں تقسیم کرنے کا منصوبہ ختم کر دیا،ذرائع نے نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ کو بتایا کہ بدھ کے روز بنگلہ دیش نے گائیڈ لائن پر دستخط کر دیے،اسی کے تحت حتمی معاہدہ تیار کیا جائے گا۔
1,082 total views, 2 views today