خیبر پختونخواکے صوبائی وزیر کھیل وثقافت‘میوزیم وامورنوجوانان اور پاکستان تحریک انصاف ملاکنڈ ریجن کے صدر محمود خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کے سیاست کا محور دولت اکٹھا کرنا ، اقتدار کے مزے لوٹنا ،غریب عوام کی بے لوث خدمت کرنا اور معاشرے سے ظلم اور ناانصافی کا خاتمہ ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے موضع کلاتے کس سخرہ مٹہ سوات میں ایک شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجتماع تحصیل مٹہ کے نائب ناظم محمد حکیم خان ، ضلعی کونسلر خیر ات محمد اور پی ٹی آئی تحصیل مٹہ کے ممتاز رہنما ملک اختر علی خان نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر اے این پی ، مسلم لیگ (ن)، قومی وطن پارٹی اور جے یو آئی کے اہم کارکنان جن میں عطاء اﷲ ، قاری رحیم باچا ، محمد اسحاق ، امیر شاہ ، نواب ، فضل مالک ، پتے خان ، زبیر سپین دا اور سیف الاسلام نے اپنے خاندانوں اور سینکڑوں ساتھیوں سمیت اپنے اپنے پارٹیوں سے مستعفی ہو کر پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا اور پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیا ۔واضح رہے کہ مذکورہ کارکنان کی شمولیت سے ان کی سابقہ پارٹیوں میں سخت مایوسی کا لہر دوڑ گیا ہے اور ان کو ابھی سے اپنی شکست واضح طور پر نظر آرہی ہے ۔محمود خان نے نئے شامل ہونے والوں کو مبارکباد دی اور ان کو اپنی طرف اور صوبائی حکومت کی طرف سے بھر پور تعاون کا یقین دلایا ۔محمود خان نے ایک مسلم لیگی رہنما کی اس بات کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ پہلے مینگورہ جیسے اہم شہر کو سوئی گیس فراہم کرے پھر مٹہ کی بات کرے ۔ انہو ں نے کہا کہ انشاء اﷲ تحصیل مٹہ کو بہت جلد سوئی گیس کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے عوام سے جو وعدے کئے ہیں ان کی تکمیل کو یقینی بنایا ہے اور جو باقی ہیں ان کو عملی جامہ پہنانے میں مصروف عمل ہیں ۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کا ہر نمائندہ قومی خزانے کو امانت سمجھ کر اس کی ایک ایک پائی عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کی مثبت اور ٹھوس اقدامات کی بدولت صوبے کے پسماندہ اور دور دراز علاقوں کو ترقیافتہ علاقوں کے برابر لاکھڑا کیا ہے جس پر مخالفین بدحواسی کے شکار ہیں اور ان کے پاس عوام کو گمراہ کرنے کے لئے کوئی راہ نہیں بچا لیکن پھر بھی اپنی منفی ذہنیت سے مجبور ہوکر عوام کو گمراہ کرنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین کے پاس ہمارے ٹھوس اور مثبت اقدامات اٹھانے کا کوئی جواب نہیں اور آنے والے 2018ء کے عام انتخابات میں ان کو ابھی سے اپنی شکست نظر آرہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی روایتی نہیں بلکہ نئی اور مثبت سوچ اور نظریے کی پارٹی ہے اس لئے ملک کی مقبول ترین سیاسی جماعت بن گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کسی کے ذات یا مخصوص پارٹی کے خلاف نہیں بلکہ پاکستان کی بقاء اور سلامتی کا جنگ لڑ رہے ہیں ۔ صوبائی وزیر نے حلقہ پی کے 84-مٹہ سوات میں ترقیاتی کاموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تقریباً پندرہ ارب روپے کی لاگت سے حلقے کے کونے کونے میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھا دیا گیا ہے جس سے علاقے میں ترقی اور خوشحالی کا انقلاب برپاہو گا ۔
928 total views, 2 views today