دبئی(ان لائن)سابق صدر پرویز مشرف کا کہنا ہے کہ بے نظیر اور مرتضیٰ بھٹو کے قتل میں آصف علی زرداری ملوث ہیں۔سابق صدر پرویز مشرف نے اپنے ویڈیو پیغام الزام لگایا ہے کہ بے نظیر بھٹو کو ان کے شوہر آصف علی زرداری نے قتل کرایا، راولپنڈی میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے بے نظیر قتل کیس کا جو فیصلہ سنایا اس پر سب پاکستانیوں کو تشویش ہے ایس پی سعود اور خرم شہزاد جیسے اچھے افسران کو 17 ، 17 سال کی کی سزا سنادی گئی لیکن جیل میں بند اصل دہشت گردوں کو چھوڑ دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نے مجھے للکارا ہے جو میری برداشت سے باہر ہے، میں خاموش تھا لیکن آصف زرداری نے پہلی بار میرا نام لے کر بی بی کے قتل کا الزام مجھ پر لگایا اس لئے اب میں اس بات کا جواب ضرور دوں گا، میرا تجزیہ ثابت کرے گا کہ بے نظیر کا قاتل کون ہے جب کہ مرتضیٰ بھٹو کو قتل کرانے اور بھٹو خاندان کو تباہ کرنے کے ذمہ دار بھی آصف زرداری ہیں۔
پرویز مشرف نے کہا کہ کسی بھی قتل کیس میں دیکھنا چاہئے کہ اس کا فائدہ یا نقصان کسے ہوا، بی بی کے قتل سے مجھے تو نقصان ہوا اور فائدہ آصف زرداری کو ہوا، آصف زرداری نے اپنے 5 سالہ دور صدارت میں مرتضیٰ بھٹو اور بے نظیر کے قتل کی تحقیقات نہیں کروائی۔ یہ بات ثابت ہوچکی ہے کہ بے نظیر کو بیت اللہ محسود اور اس کے ساتھیوں نے قتل کیا لیکن یہ دیکھنا ہوگا کہ اس سازش کے پیچھے کون تھا، بیت اللہ محسود نے مجھ پر حملے کروائے وہ میرا دشمن ہے، میں اور حکومت پاکستان اسے ختم کرنا چاہتے تھے میں اس سے رابطہ نہیں کرسکتا تھا، یہ بھی ہوسکتا ہے کہ افغان خفیہ ایجنسی خاد، افغان صدر حامد کرزئی یا طالبان کے ذریعے بیت اللہ محسود سے یہ کام کروایا گیا ہو تاہم افغان صدر حامد کرزئی سے بھی میرے تعلقات کشیدہ تھے اور میرے پاس ایسے لوگ نہیں تھے جن کے ذریعے میں اس پر اثر انداز ہوسکتا لیکن آصف زرداری اور ایک اہم شخصیت کے کرزئی کے ساتھ بہت اچھے تعلقات تھے۔
1,118 total views, 2 views today