ملتان(این این ائی)عدالت نے قندیل بلوچ قتل کیس میں شامل تفتیش نہ ہونے پر مفتی عبدالقوی کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کردیے۔ جوڈیشل مجسٹریٹ محمد پرویز خان کی عدالت میں قندیل بلوچ قتل کیس کی سماعت ہوئی ۔ تفتیشی افسر کی جانب سے حتمی چالان پیش نہ کرنے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک سال سے زائد کا عرصہ گزرنے کے باوجود بھی ابھی تک اس کا چالان مکمل نہیں کیا گیا جس پر تفتیشی افسر نور اکبر نے عدالت کو بتایا کہ مقدمے میں نامزد ملزم مفتی قوی پولیس سے تعاون نہیں کررہا ہے اور نہ ہی شامل تفتیش ہو رہا ہے۔
تفتیشی افسر نے عدالت سے استدعا کی کہ مفتی عبدالقوی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں جس پر عدالت نے کارروائی کرتے ہوئے مفتی قوی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔ دوسری جانب مفتی عبدالقوی کا کہنا ہے کہ انہوں نے ضمانت کی درخواست دائر کردی ہے جو کہ منظور ہوچکی ہے۔
1,286 total views, 2 views today