پشاور (سوات نیوز ڈاٹ کام ) عوامی نیشنل پارٹی نے پی کے85 سوات کیلئے صوبائی ڈپٹی پارلیمانی لیڈرسید جعفر شاہ کو میدان میں اتار دیا، اس بات کا فیصلہ باچا خان مرکز میں پی کے85کے حوالے سے منعقدہ ایک جرگہ کے دوران کیا گیا ، اے این پی کے صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی نے جرگہ میں خصوصی طور پر شرکت کی ، اس موقع پر پی کے85سے ٹکٹ کیلئے درخواستیں جمع کرانے والے دیگر امیدواروں نے سیدجعفر شاہ پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اپنی درخواستیں واپس لینے کا اعلان کر دیا ، امیر حیدر خان ہوتی نے پی کے85کیلئے سید جعفر شاہ کا نام فائنل کرتے ہوئے انہیں ٹکٹ دینے کا اعلان کر دیا۔ دریں اثناء پارٹی کے صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی نے کامیاب جرگہ کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور دیگر حلقوں میں پارٹی کے ذمہ داروں سے درخواست کی کہ وہ جہاں تک ممکن ہو سکے اپنے حلقوں میں جرگوں کے ذریعے معاملات نمٹا کر کسی فائنل فیصلے کی جانب بڑھیں۔ قبل ازیں اے این پی کے پارلیمانی بورڈ کے چیئرمین امیر حیدر خان ہوتی نے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں این اے29سوات کیلئے شیر شاہ خان آف بانڈئی کو ٹکٹ جاری کر نے اور اس حلقے کیلئے امیدوار نامزد کرنے کا اعلان بھی کیا ، اجلاس میں پارلیمانی بورڈ کے ممبران ایمل ولی خان اور خورشد خٹک بھی موجود تھے۔
2,156 total views, 2 views today