سوات(سوا ت نیوز ڈاٹ کام)خیبرپختونخوا کے وزیر کھیل ،ثقافت،آبپاشی وامور نوجوانان محمود خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے نوجوان نسل کی ترقی اور فلاح وبہبود کیلئے جو انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں پاکستان کی تاریخ میں ان کی مثال موجود نہیں انہوں نے کہا کہ گزشتہ 70سال میں ہم نے پہلی بار ایک جاندار یوتھ پالیسی بنائی۔گذشتہ سال کے بجٹ میں یوتھ کیلئے ایک ارب روپے کا بجٹ مختص کیاتھااور موجودہ سال میں بھی ایک ارب روپے کا بجٹ مختص کیا ۔وہ ہفتہ کے روز وددیہ ہال سیدو شریف میں اینوویٹیو یوتھ ایوارڈز 2017کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔تقریب میں چیئرمین ڈیڈک سوات فضل حکیم خان،ڈپٹی کمشنر سوات عامر آفاق،اے ڈی سی محمد طاہراور اے سی بابوزئی شہاب محمد خان کے علاوہ سوات بھر کے معززین ،سوشل ورکرز اور کثیر تعداد میں خواتین و حضرات اور نوجوانوں نے شرکت کی۔صوبائی وزیر نے کہاصوبے کے تمام اضلاع میں ڈسٹرکٹ یوتھ آفیسرز کے دفاتر قائم کئے جا رہے ہیں جو اپنے اپنے اضلاع میں یوتھ کی ترقی کیلئے منصوبہ بندی کرکے اُس پر عمل درآمد کراینگے ، یوتھ کی ضروریات مقامی طور پر پوری کرینگے اور ضلع سطح پر یوتھ ٹیلنٹ کو سامنے لائینگے تاکہ یوتھ ملک وقوم کی ترقی میں بھر پور کردار ادا کرسکیں۔محمود خان نے کہاکہ صوبائی حکومت کی جانب سے کروڑوں روپے کی لاگت سے یوتھ کارنیول کا انعقاد کیا گیاجس میں ملک بھر سے گیارہ سو کھلاڑیوں نے شرکت کرکے اپنے ٹیلنٹ کا مظاہرہ کیا۔کارنیول میں اول انعام حاصل کرنے والے یوتھ کیلئے 50لاکھ روپے کا انعام مقرر کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ صوبے بھر کے نوجوانوں کو تفریح کے مواقع گھر کے قریب فراہم کرنے کیلئے تحصیل سطح پر سپورٹس گراونڈ ز تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیاجن میں سے تقریبا 130گراونڈ ز مکمل ہونے والے ہیں اس طرح سکولوں میں 1300سے زائد کمپوٹر لیب قائم کئے گئے تاکہ نوجوان نسل کو کمپوٹر کی تعلیم سے آراستہ کیا جاسکے۔اس موقع پر انہوں نے مختلف شعبوں میں نمایا ں مقام حاصل کرنے والوں میں ایوارڈز بھی تقسیم کئے۔تقریب میں ثقافتی شو اور دیگر رنگارنگ آئٹم پیش کئے گئے۔
1,526 total views, 2 views today