کراچی: وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ میں گنے کے بحران کی ذمہ دار وفاقی اور پنجاب حکومت ہے۔ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ چھٹی کے روز کراچی کے مختلف علاقوں کے دورے پر روانہ ہوئے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ میں گنے کے بحران کی ذمہ دار وفاقی اور پنجاب حکومت ہے، پنجاب سے سو روپے من گنا سندھ کی شوگر ملوں کو فراہم کیا جارہا ہے، پنجاب سے سستا گنا ملے گا تو شوگر ملیں سندھ کے کاشتکاروں کا مہنگا گنا کیوں خریدیں گی؟، ہم نے پنجاب سے گنے کا ریٹ دو روپے زیادہ مقرر کیا تاکہ کاشتکاروں کو فائدہ ہو، پیپلزپارٹی کسانوں کے ساتھ ہے اور ان کے ساتھ کسی قسم کی زیادتی نہیں ہونے دیگی۔
وزیراعلی سی ایم سندھ کینٹ اسٹیشن پہنچے اورسڑک کی تعمیرکے کام کا جائزہ لیا، صدرکے علاقے الیکٹرونکس مارکیٹ اوراس کے اطراف میں گندگی کا ڈھیردیکھ کربرہمی کا اظہارکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فوری طور پر شہرسے کچرا اٹھایا جائے اورسڑکوں کو صاف رکھا جائے۔ وزیراعلی نے شاہراہ قائدین پرشوروم مالکان کی جانب سے فٹ پاتھ پرتجاوزات اوراضافی فٹ پاتھ بنانے پراظہاربرہمی کرتے ہوئے کمشنرکراچی کواضافی فٹ پاتھ ختم کرنے کی ہدایت کردی۔ انہوں نے کہا کہ فٹ پاتھ پرگاڑیاں کھڑی کرنے سے ٹریفک جام ہوتا ہے، شوروم مالکان سے بات کرکے اضافی فٹ پاتھ فوری ختم کی جائے۔
1,804 total views, 2 views today