کراچی: پنجاب کے شہر قصور میں کمسن بچی کے ساتھ زیادتی کے بعد لرزہ خیز قتل کے واقعے نے پورے ملک کو جھنجھوڑ کر رکھدیا سوشل میڈیا پر بھی واقعے کے خلاف شدید ردعمل کا اظہار کیا جارہا ہے۔قصور میں معصوم کمسن بچی زینب کے ساتھ زیادتی کے بعد قتل کے ایک اور واقعے نے پورے ملک سمیت پاکستان کے سیاستدانوں کو بھی ہلا کررکھ دیا۔ زینب 5 روز قبل سپارہ پڑھنے گھر سے نکلی تھی کہ لاپتہ ہوگئی، گزشتہ رات بچی کی لاش کوڑے کے ڈھیر سے ملی۔ لاش ملنے کے ساتھ ہی لوگوں میں شدید غم وغصہ پھیل گیااور لوگوں نے احتجاج کرتے ہوئے ملزم کو کڑی سزا دینے کا مطالبہ کردیا۔ سوشل میڈیا پر بچی کے اغوا اور قتل کے خلاف شدید ردعمل کا اظہار کیا جارہا ہے اور ’زینب کے لیے انصاف‘کے نام سے ہیش ٹیگ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ کررہا ہےجس میں صارفین کی جانب سے درندہ صفت قاتل کو سرعام پھانسی پر لٹکانے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ٹوئٹ کی ہے کہ امید اور دعا کرتی ہوں کہ ننھی بچی کے قاتلوں کو نہ صرف گرفتار کیاجائے گا بلکہ عبرت کا نشان بھی بنایا جائے گا۔
سینیٹر رحمان ملک نے بھی زینب سے زیادتی اور قتل کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ انتہائی دردناک، افسوسناک اور ناقابل برداشت ہے۔ جویریا وحید نامی صارف نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ننھی زینب کے والدین کچھ روز قبل ہی عمرے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب گئے تھے یہ خبر ان کے لیے بہت افسوسناک ہوگی۔
1,865 total views, 2 views today