وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے دو ٹو ک الفاظ میں کہا ہے کہ پیسے سے سینٹ کی رکنیت لینے والوں کی مزاحمت کی جائے گی۔وہ ہفتہ کو میانوالی میں تحصیل عیسیٰ خیل اور ملحقہ علاقوں کو دو ارب تیس کروڑ روپے کے گیس فراہمی کے منصوبے کا افتتاح کے موقع پر ایک عوامی اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔وزیراعظم نے سیاسی ہارس ٹریڈنگ کے خلاف جہاد کا اعلان کیا اور کہا کہ کیسے ایک پارٹی یا شخص جس کی صوبائی اسمبلی میں کوئی نشست نہیں ہے سینیٹر بن سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اپنے پیسے کی بنیاد پر سینٹ کی نشست جیتنے والا شخص نہ تو عوام کی نمائندگی کرسکتا ہے نہ سینٹ کی خدمت کرسکتا ہے۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ملک کو آگے لے جانے کیلئے جمہوریت ناگزیر ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ نون شائستگی اور عوام کی خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے انہوں نے کہا کہ ملکی سیاست میں بہتری لانے کیلئے عوام کو بھی اپنی ذمہ داریاں ادا کرنا ہوں گی۔ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ مسلم لیگ نون کی حکومت جب اقتدار میں آئی تو نئے گیس کنکشنوں پر پابندی تھی کیونکہ ملک میں گیس کی قلت تھی لیکن اب تمام صارفین کو بلاتعطل گیس فراہم کی جارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ سیاسی سازشوں سمیت تمام چیلنجز کے باوجود موجودہ حکومت نے عوامی خدمت کی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ حسن ابدال اور ڈیرہ اسماعیل خان کے درمیان تعمیر کی جانے والی موٹروے سے میانوالی کے لوگوں کو بہت فائدہ ہوگا’ اس سے علاقے کے عوام کی کایا پلٹ جائے گی۔
1,158 total views, 4 views today