سوات،سوات میں ڈینگی مچھروں کے حملے کے بعد انتظامیہ حرکت میں آگئی ہے اور ڈپٹی کمشنر سوات محمود اسلم اور اسسٹنٹ کمشنر بابوزئی اشفاق خان نے محکمہ صحت کی ٹیموں کے ہمراہ راجہ آباد اور رنگ محلہ کا دورہ کرکے مختلف مکانات سے برآمد ہونے والا لارواکو تلف کروادیا ،ڈپٹی کمشنر سوات کے دفترسے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق ڈینگی
کے خلاف مہم کے دوران اب تک 35830مکانات اور دیگر مقامات کا سروے کیا گیا ہے اور اس دوران ستر مکانات اور دیگر مقامات سے لاروا برآمد ہونے پر تلف کردیا گیا ہے،پریس ریلیز کے مطابق ڈپٹی کمشنر سوات نے تمام وفاقی اور صوبائی حکومتی اداروں اور غیر سرکاری تنظیموں کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے تمام دفاتر میں مہم چلا کر لاروا کی افزائش ختم کرائے ،ڈپٹی کمشنر سوات نے اس موقع پر کہاکہ سوات میں ڈینگی کیس سامنے آنے کے بعد لاروا تلف کرنے اور ڈینگی مچھر کی افزائش کو ختم کرنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں اور تشکیل شدہ ٹیمیں گھر گھر اور دیگر مقامات پر جاکر سروے کررہی ہیں انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ محکمہ صحت کی ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں اور خود اپنے گھروں میں بھی صفائی کا خیال رکھتے ہوئے کھڑے پانی کے ذخائر کا خاتمہ کریں ۔
287 total views, 1 views today