کبل ( تحصیل رپورٹر ) کبل چوک میں پاک فوج سے اظہار یکجہتی اور منظور پشتین کیخلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ ، نعرے بازی ’’ منظور پشتین نامنظور ، پاک فوج زندہ باد ، انڈیا امریکہ مردہ باد ، دہشت گردی نامنظور ‘‘ ۔ تفصیلات کے مطابق کبل چوک میں پاک فوج سے اظہار یکجہتی اور منظو پشتین کیخلاف احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا ، ریلی میں کثیر تعداد میں علاقائی مشران اور عوام نے شرکت کی ، احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے سعید خان آف ڈھیرئی ، ادریس خان ، کریم الہادی ، اکبر حسین سارجنٹ اور دیگر مقررین نے کہا کہ پاک فوج اور عوام کی لازوال قربانیوں کی بدولت حاصل شدہ امن کو کسی صورت تباہ ہونے نہیں دیں گے ، انہوں نے کہا کہ منظور پشتین ملک دشمن عناصر کے اشاروں پر چل رہا ہے ، جو سوات میں قائم امن کو تباہ وبرباد کرنے پر تلا ہوا ہے ، سوات کے عوام پہلے ہی دہشت گردی سے متاثر ہیں مزید خون خرابہ برداشت نہیں کرسکتے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ منظور پشتین کو ان کے ناپاک عزائم میں کسی صورت بھی کامیاب ہونے نہیں دیں گے ۔ انہوں نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ منظور پشتین کو کبل میں جلسہ کرنے کی ہر گز اجازت نہ دی جائے ۔ ریلی کے دوران مظاہرین نے منظور پشتین کے پوسٹر نذر آتش کرتے ہوئے شدید نعرہ بازی کی ۔
3,418 total views, 2 views today