لاہور: وقار یونس بھی پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف کوچ کے امیدواروں میں شامل ہو گئے، سابق کپتان آج پی سی بی کی کوچ کمیٹی کو اپنی درخواست جمع کرائینگے۔
ماضی کے عظیم فاسٹ بولر گزشتہ روز لاہور پہنچے، ان کا کہنا تھاکہ گرین شرٹس کی کوچنگ کرنے کا خواہشمند ہوں، اس لیے جمعرات کو اپنی درخواست بورڈ میں جمع کرائوں گا، وقار یونس کا کہنا تھا کہ مجھے نہیں معلوم کہ میری درخواست شارٹ لسٹ ہو گی یا نہیں، دوسری جانب پی سی بی کی کوچ کمیٹی کو قومی ٹیم کے نئے کوچز کیلیے 12 درخواستیں موصول ہوئیں ہیں جبکہ درخواستیں جمع کرانے کی جمعرات کوآخری تاریخ ہے۔
پی سی بی نے خواہشمند امیدواروں کو6 فروری تک درخواستیں جمع کرانے کی ڈیڈ لائن دے رکھی ہے۔ ڈیو واٹمور اور جولین فائونٹین کی بطور کوچز مدت پوری ہونے کے بعد پی سی بی نے نئے کوچز کی تلاش کیلیے چار رکنی کمیٹی تشکیل دی تھی جس میں انتخاب عالم، سبحان احمد،جاوید میانداد اور وسیم اکرم شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کے ہیڈ، بیٹنگ اور فیلڈنگ کوچز کے عہدوں کیلیے اب تک 12 درخواستیں موصول ہوئی ہیں، کوچ کمیٹی کے مطابق ایشیا کپ اور آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ شروع ہونے میں تھوڑا وقت رہ گیا ہے اس لیے ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ کی تقرری اولین ترجیح ہے۔
1,366 total views, 2 views today