اسلام آباد: ایف آئی اے نے مبینہ طور پر نشے کی حالت میں گاڑی سے نوجوان کو کچل کر ہلاک کرنے والے امریکی سفارت کار کرنل جوزف کو ملک چھوڑنے سے روک دیا ہے۔ایکسپریس نیوز کے مطابق امریکی فضائیہ کا خصوصی سی 130 طیارہ امریکی سفارت خانے میں تعینات ملٹری اتاشی کرنل جوزف کو لے جانے کے لیے نور خان ایئر بیس راولپنڈی پر کئی گھنٹے تک موجود رہا۔ تاہم پاکستانی حکام نے کرنل جوزف کو طیارے میں سوار ہونے کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔ امریکی طیارہ کئی گھنٹے تک انتظار کے بعد باالآخر کرنل جوزف کو لیے بغیر واپس روانہ ہوگیا۔کرنل جوزف کی روانگی کو روکنے کے لیے اسے بلیک لسٹ میں شامل کیا گیا تھا جس کی وجہ سے وہ بیرون ملک سفر نہیں کرسکتا تھا۔ ایف آئی اے نے کرنل جوزف کی امیگریشن کلیئرنس کے لیے وزارت خارجہ سے خصوصی اجازت نامہ مانگا تاہم دفتر خارجہ کے حکام نے امریکی ملٹری اتاشی کو پاکستان چھوڑنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔ جس کے بعد امریکی فضائیہ کا طیارہ سفارت خانے کے دوسرا عملہ اور سامان لے کر روانہ ہوگیا اور کرنل جوزف کو اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے واپس بھجوادیا گیا۔
1,218 total views, 2 views today