سوات (خورشید علی )کمشنرملاکنڈسید ظہیرالاسلام شاہ نے کہا ہے کہ عید کے دوران ملک بھر سے پندرہ لاکھ سیاح مالاکنڈ ڈویژن آئے ان میں آدھے سے زائد نے سوات کے سیاحتی علاقوں مالم جبہ، مدین،بحرین،کالام اور مرغزار کا رُخ کیا اور یہاں کے صحت افزاء مقامات سے لطف اندوز ہوئے جس سے ملک و بیرون ملک پُرامن اور پر فضاء سوات کا پیغام گیا اس بار سیاحوں کیلئے بہترین انتظامات کئے گئے تھے پولیس، لیویز اور شہری دفاع کے اہلکاروں نے دن رات ڈیوٹی سرانجام دی اورٹریفک نظام کو کنٹرول کیا اپنے دفتر میں مختلفاجلاسوں اور وفود سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عیدالفطر کے دنوں میں ملک بھر سے ریکارڈ تعداد میں سیاح سوات آئے اور سیاحوں کی بڑی تعداد میں آمد کا سلسلہ بدستور جاری ہے جس کیلئے نہ صرف سوات بلکہ پورے ملاکنڈ ڈویژن میں ضلعی اور پولیس انتظامیہ کو الرٹ کیا گیا ہے اور انہیں سیاحوں کو خدمات کی فراہمی کیلئے پوری طرح چوکس بنایا گیا ہے تاریخ میں پہلی بار پندرہ لاکھ ریکارڈ تعداد میں سیاحوں نے مالاکنڈ ڈویژن کا رخ کرکے یہاں کے پر فضا ء مقامات پر خوبصورت موسم سے لطف اٹھایا سید ظہیرالاسلام شاہ نے کہا کہ سوات میں سیاحوں کی بڑی تعداد میں آمد کے موقع پر ریگولر،ٹورسٹ و ٹریفک پولیس اور لیویز کے اہلکار تعینات کئے گئے ہیں اور ٹریفک کا خصوصی پلان بھی جاری کیا گیاہے جس سے مینگورہ شہراور ضلع بھر میں ٹریفک نظام بہتر اور رواں دواں رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لنڈاکے، شموزئی اور گیمن پلوں پر کالام ،بحرین ،مدین جانے والے سیاحوں کیلئے الگ روٹ رکھے گئے جس کی وجہ سے مینگورہ شہر پر ٹریفک کا بوجھ کم رہا اور شہر میں ٹریفک رواں دواں رہی جبکہ سیاحوں کیلئے مختلف مقامات پر سہولت سنٹر قائم کئے گئے ہے جن میں انتظامیہ ،پولیس اور لیویز کے اہلکار سیاحوں کو خوش آمدید کہتے اورانہیں جوس اور ،بسکٹ دیتے ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ اس بار موسم بھی بہترین رہا اور وقفے وقفے سے ہلکی بارشوں کی وجہ سے سیاح خوب محظوظ ہوئے جس سے اندورن ملک و بیرون ممالک کے لوگوں کو بھی سوات کے حوالے سے اچھا تاثر ملا کہ سوات میں مکمل اور پائیدار امن قائم ہے اور یہاں پر سیاح بغیر کسی خوف و خطر کے پر امن ماحول میں خوشگوار لمحات گزار رہے ہیں۔ کمشنر ملاکنڈ نے اس ضمن میں بہترین انتظامات اور سہولیات پر تمام اضلاع کی سول اور پولیس انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ خدمت کا یہ جذبہ پورے سیزن بلکہ سال بھر بر قرار رکھا جائے گا۔
1,366 total views, 2 views today