مینگورہ(سوات نیوزڈاٹ کام)تحصیل کبل کے علاقہ کانجو میں جعل ساز اور منشیات فروش گروپ کی موجودگی کا انکشاف،مرغیوں کے کاروبار کی آڑ میں منشیات فروشی کا سلسلہ جاری ہے ،عزت دار لوگوں کی پگڑیاں بھی اچھالی جارہی ہیں ،اعلیٰ حکا م ایکشن لیں،یہ انکشاف علاقہ شاہ ڈھیرئی سے تعلق رکھنے والے سابق سب انسپکٹر خیر الرحمان نے سوات پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہاکہ جب میں سروس سے ریٹائرڈ ہوا اور پنشن لی تو ان کے دو سالے میر افضل اور عمران نے انہیں مشورہ دیا کہ سوزوکی گاڑی خریدیں ہم اس میں مرغیوں کا کاروبار شروع کریں گے جس سے ہم سب کو فائدہ ہوگا ،انہوں نے کہاکہ میں نے گاڑی خرید کر دی جس کے تمام کاغذات میرے پاس موجود ہیں مگر کئی ماہ گزرنے کے بعد میں نے کوئی فائدہ نہیں دیکھا جب اپنے مذکورہ سالوں سے بات کی تو وہ دھمکیوں پر اتر آئے جن کیخلاف میں نے پولیس میں رپورٹ درج کرائی تو دونوں ملزموں نے میرے خلاف پریس کانفرنس کی ،میرے اورحاضر سروس پولیس آفیسرز پر الزامات لگائے اور خود سوزی کی دھمکی بھی دی،اب مجھے جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں اور اس سلسلے میں جب میں نے ڈی پی او سوات کو قانونی کارروائی کیلئے درخواست دی اور انہیں جرگہ نے بلا لیا تو اس دروان انہوں نے پریس کانفرنس کرکے ایس ایچ او کانجو اور دیگر اہلکاروں پر حبس بے جا میں رکھنے کا الزام لگا یا جبکہ اس دوران جرگہ ممبران موجود تھے اور تین روز کا وقت لیا ، اس دوران نہ انہیں حوالات میں بند کیا گیا اور نہ ہی تشدد وغیرہ کا نشانہ بنایا اور 17جولائی کو جوپریس کانفرنس کی گئی تھی وہ سراسر من گھڑت اور بے بنیاد ہے ، انہوں نے کہاکہ دراصل یہ ایک منظم گروہ ہے جو منشیات فروشی اور جعل سازی میں ملوث ہے جس نے اب تک بہت سے لوگوں کو لوٹا ہے مگر وہ اپنی عزت کی خاطر خاموش ہیں،انہوں نے کہاکہ ملزمان کے پاس موجود میرے نام سے رجسٹرڈ گاڑی میں منشیات سپلائی کرتے ہیں جبکہ دیگر غیر قانونی کاموں میں بھی ملوث ہیں،انہوں نے ڈی آئی جی ملاکنڈ ڈویژن ، ڈی پی او سوات اور آرمی حکام سے اپیل کی کہ مجھے تحفظ فراہم کریں اور مذکورہ افراد سے میری گاڑی واپس دلاکر ان کے خلاف قانونی کاروائی کریں ۔
1,258 total views, 2 views today