اسلام آباد: ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کے خلاف ملک بھر میں احتجاج اور ریلیاں نکالی گئیں جب کہ پنجاب اسمبلی نے مذمتی قرارداد منظور کرلی۔پنجاب اسمبلی نے ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔ قرارداد میں کہا گیا کہ ناموس رسالت کی حفاظت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، پیارے نبی حضرت محمد مصطفیٰ رسول اللہ ﷺ کی حرمت اور ناموس پر جان بھی قربان ہے، نبی کی زندگی مشعل راہ ہے، ہالینڈ کے گستاخ سیاستدان کے اعلان سے دنیا بھر کے مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی، وفاقی حکومت سے مطالبہ ہے کہ ہالینڈ سے سفارتی تعلقات ختم کیے جائیں۔ادھر گستاخانہ خاکوں کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ مظاہرین نے ہالینڈ حکومت کے خلاف شدید غم و غصہ کا اظہار کیا۔ لکی مروت میں بڑی تعداد میں لوگوں نے بنوں میانوالی روڈ پر احتجاج کرتے ہوئے ہالینڈ کی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام کو چاہئے کہ وہ اپنے نبی ﷺ سے محبت کا ثبوت دیتے ہوئے ہالینڈ کی تمام اشیا کا بائیکاٹ کردیں جبکہ نئی حکومت فی الفور ہالینڈ سے سفارتی تعلقات ختم کرنے کا اعلان کرے۔مقررین نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ کو چاہیے کہ وہ اس حوالے سے ایک قانون بنائے جس میں ہر پیغمبر کی شان میں گستاخی کو جرم اور اس کی سزا موت مقرر کیا جائے ۔ پشاورمیں بھی تحریک لبیک کے تحت احتجاجی ریلی نکالی گئی جو میلاد ہاؤس سے شروع ہوکر جی ٹی روڈ سے ہوتی ہوئی پریس کلب پشاور پر اختتام پذیر ہوئی۔
1,530 total views, 2 views today