تحریر : مبین عابد
وطن عزیز کی حفاظت اور تحفظ کیلئے ہماری بہادر فوج کی قربانیوں کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا اور 6 ستمبر 1965 کو جب مکار دشمن بھارت نے چھپ کر وار کرنے کی کوشش کی تو ہمارے بہادر افواج نے ان کو دندان شکن جواب دیکر ان کو پسپا کر دیا اور اس مکار دشمن کے وہ تمام عزائم خاک میں ملا دئیے جو یہ مکار دشمن پاکستان کے خلاف رکھتے تھے 6 ستمبر کو پاک فوج اور پاکستان کے غیور عوام کی طرف سے دشمن کو شکست دینے کے اس دن کو پاکستان میں ہر سال یوم دفاع پاکستان کے حوالے سے منایا جا رہا ہے ملک کے دیگر حصوں کی طرح سوات میں بھی اس دن کو انتہائی جوش و جذبہ اور ملک کے ساتھ محبت کے طور پر منایا گیا سوات میں اس حوالے سے سب سے بڑی تقریب کانجو ائیر پورٹ میں منعقد ہوئی جس کا اہتمام پاک فوج نے کیا تھا
اس پروقار تقریب میں آپریشنل کمانڈر ملاکنڈ ڈویژن میجر جنرل خالد سعید نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ دیگر مہمانان گرامی میں کمشنر ملاکنڈ ڈویژن ظہیر الاسلام ، ڈی آئی جی ملاکنڈ ، ضلع ناظم سوات محمد علی شاہ ، بریگیڈئر کاشف ، تحصیل ناظم اکرام خان ، منتخب بلدیاتی نمائندوں ، ڈپٹی کمشنر سوات ، اسسٹنٹ کمشنر اسرار احمد ، ڈی پی او سوات ، دیگر سرکاری حکام ، پاک فوج کے آفیسرز زین ، ریاض ، فوجی جوانوں اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد ، سیاسی و سماجی شخصیت ، وی ڈی سی ممبران ، مختلف سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے بچوں ، اساتذہ کرام ، والدین اور صحافیوں نے شرکت کی تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد قومی ترانہ پیش کیا گیا جس کے احترام میں تمام حاضرین کھڑے ہوئے اس کے بعد جی او سی نے قومی پرچم لہرایا اس موقع پر سکولوں کے بچوں نے ملی نغمے پیش کئے اور بہترین ٹیبلوز پیش کرکے لوگوں سے داد وصول کی جبکہ پاک فوج کے چاق وچوبند دستوں نے سلامی پیش کی اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے وطن عزیز کے ساتھ والہانہ محبت کا اظہار کیا حاضرین نے ان کی کارکردگی کاتالیاں بجا کر داد دیا ،
پاک فوج کے دانیال نے بہترین طریقے سے اسٹیج سیکرٹری کے فرائض سرانجام دئیے اور حاضرین کا لہو گرمایا لوگوں نے 6 ستمبر یوم دفاع پاکستان کے حوالے سے پاک فوج اور سکولوں کے بچوں کے طرف سے پیش کئے جانے والی ملی نغموں میں خصوصی دلچسپی لی اور اس سے محظوظ ہوئے تقریب میں سوات کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے سوشل ورکرز ، سیاسی قیادت اور دیگر لوگوں کی غیر معمولی دلچسپی اور شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ سوات کے لوگ عطن عزیز اور پاک فوج سے والہانہ محبت رکھتے ہیں جس کا عملی طور پر مظاہرہ کیا گیا اس پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میجر جنرل خالد سعید نے 6 ستمبر یوم دفاع پاکستان کے حوالے سے تفصیلی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 6 ستمبر ہماری تاریخ میں ایک بڑی اہمیت کا دن ہے اسی دن پاکستان کے غیور عوام اور پاک فوج نے دشمن کو عبرتناک شکست دیکر دُنیا کی تاریخ میں ایک ایسے باب کا اضافہ کیا جس کے تحت یہ پیغام دیاگیا کہ پاکستان کے خلاف ناپاک ارادے رکھنے والوں کو پاک فوج اور پاکستان کے غیور عوام منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان کو میلی نظر سے دیکھنے والوں کی آنکھیں نکال دینگے پاک فوج دشمن قوتوں کو منہ توڑ جواب دینے کی بھر پور صلاحیت رکھتے ہیں انہوں نے کہا کہ پاک فوج وطن عزیز کے چھپے چھپے کی حفاظت کرنا خوب جانتے ہیں انہوں نے کہا کہ سوات سے لیکر بولان اور کراچی کے ساحل تک پوری قوم وطن عزیز کی محبت اور حفاظت میں ایک ہے اس موقع پر حاضرین نے پاک فوج اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائیں یہ واشگاف نعرے پورے علاقے میں گونج اُٹھے یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ پاک فوج کی طرف سے سوات میں اس طرح پروگرامات کا انعقاد اگر ایک طرف نئی نسل کو ملک کی تاریخ کے حوالے سے آگاہ کرنا ہے تودوسری طرف لوگوں میں وطن عزیز کے ساتھ محبت کا اظہار ہے سوات کے عوام جنہوں نے پہلے ہی وطن عزیز کی خاطر قربانیاں دی ہیں اور پاک فوج کے ساتھ ملکر امن کو یقینی بنایا پاک فوج کے ساتھ ہر موڑ میں کھڑے ہو کر وطن عزیز کی خاطر اپنا سب کچھ قربان کرنے والے سواتیوں نے آج یوم دفاع پاکستان کو انتہائی جوش و خروش اور وطن عزیز کیساتھ محبت کے طور پر منایا ۔
2,592 total views, 2 views today