رپورٹ : شاہ اسد علی
کوئی بھی ملک علم حاصل کئے بغیر ترقی کے منازل طے نہیں کر سکتی،جبکہ جدید علم کے ہتھیار سے لیس ہونے والے ممالک دنیا بھر کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اورزندہ قوموں کی مثال ہے کہ وہ خود کوعلم کے ہتھیار سے لیس کر کے ترقیافتہ ممالک کے صفوں میں شامل ہوجاتے ہیں اور اس میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا کر ایک منفرد مقام حاصل کردیتے ہیںآج دنیا پر جو ممالک راج کررہے ہیں ان کی ترقی کا راز بھی علم حاصل کرنے میں پوشیدہ ہے کسی بھی ملک کی ترقی اورخوشحالی کا راز وہاں کے بہترین نظام تعلیم پر توجہ دینے میں ہے اور یہی وجہ ہے کہ علم دوست ممالک بجٹ کا زیادہ حصہ تعلیم پر خرچ کرتے ہیں، ترقی کے اس راز کو مد نظر رکھتے ہوئے صوبہ خیبرپختونخوا حکومت نے” تعلیم سب کے لئے”کے نام سے ایک مہم شروع کررکھی ہے اور علم کے فروغ کومشنری جذبے کے تحت پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے بھی اپنے بچوں کو سرکاری سکول میں داخل کروانے کا اعلان کیا ہے
اس حوالے سے وزیراعلیٰ محمودخان نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت پاکستان کے ارٹیکل 25-Aکے تحت “تعلیم سب کے لئے” مشن کو فروغ دینے کے لئے کوشاں ہے۔2013ء میں جب پہلی بار ہم حکومت میں آئے تو تعلیم کا برا حال تھاہم نے پانچ سال مسلسل محنت کی۔تعلیمی بجٹ کو 63ارب روپے سے بڑھا کر 138ارب روپے تک لے گئے۔صوبے کے عوام نے2018ء کے عام انتخابات میں تحریک انصاف کی پالیسیوں پر اپنے غیرمتزلزل اعتماد کا اظہار کیا اور تحریک انصاف کو صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ دوبارہ خدمت کا موقع دیا جو بلاشبہ ہمارے پانچ سالہ ٹیم ورک کا نتیجہ ہے ہم اساتذہ کو معاشرے میں ان کا مقام دلائیں گے اور اُمید ہے کہ اساتذہ بھی معیاری تعلیم وتربیت کیلئے اپنی ذمہ داریاں جانفشانی سے ادا کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ تعلیم سب کیلئے تحریک انصاف کا شروع دن سے مشن اور وژن رہا ہے،آئین کے ارٹیکل25-Aکا تقاضہ بھی ہے کہ تمام شہریوں کو بلاتفریق وامتیاز تعلیم کی سہولت فراہم کی جائے تحریک انصاف اس سلسلے میں اپنی پالیسی تشکیل دے چکی ہے ۔
تحریک انصاف کے سابق دور حکومت میں تعلیم کے شعبے میں گراں قدراصلاحات ہماری تعلیم دوستی کا منہ بولنا ثبوت ہیں ۔ تعلیم اور دیگر شعبوں میں تبدیلی کے اقدامات کی وجہ سے عوام نے تحریک انصاف کو دوبارہ مینڈیٹ دیا، انہوں نے کہا کہ ہم پر عوام نے بڑی بھاری ذمہ داری عائد کی ہے ہم نے عوام کے توقعات پر پورا اترنا ہے اور بھرپور محنت کرنی ہے اپنی نئی نسل کو ہر صورت میں تعلیم کے زیورسے آراستہ کرنا ہے انہوں نے کہا کہ ہم نے عوام کے تعاون سے اپنے اہداف میں خاطرخواہ کامیابی حاصل کی ہے کیونکہ حکومت اکیلے کچھ نہیں کر سکتی امید ہے کہ اس بار بھی عوام اپنا تعاون یقینی بنائیں گے اور ہم سب مل کر اجتماعی سوچ کے تحت اس صوبے کو آگے لیکر جائیں گے۔انہوں نے واضح کیا کہ تعلیم کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی۔ اس لئے معاشرے کے ہر طبقے اور فرد نے تعلیم کے فروغ جیسے اہم ترین مشن میں اپناکردارادا کرنا ہے اور داخلہ مہم کو کامیاب بنانا ہے۔
محمودخان نے یقین دلایاکہ وہ قوم کے معماراساتذہ کرام کو معاشرے میں ان کا مقام دلائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے تعلیمی بجٹ میں مزیداضافہ کرنے اور محکمہ تعلیم کو مزید ترقی دینے کے حکومتی عزم کا بھی اظہار کیا انہوں نے کہا کہ وہ تعلیمی اداروں کا معیار بلند کرنے کیلئے تحریک انصاف کی پالیسیوں اور پچھلی حکومت کے اقدامات کو آگے بڑھائیں گے۔ایک تعلیم یافتہ اور باشعور قوم ہمارا حتمی ہدف ہے جس کیلئے بھرپور محنت کریں گے۔ وزیراعلیٰ محمودخان نے کہا کہ بچوں کو سکول میں داخلہ دلانے کے لئے صوبائی حکومت کی پالیسی پر عمل درآمد یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی کی سابق صوبائی حکومت نے جو قوانین بنائے ان کا نفاذعمل میں لایاجائے گا اس سلسلے میں محکمہ قانون کو قوانین کے رولز تشکیل دینے کی ہدایت کر چکے ہیں۔صوبائی حکومت نے شرح خواندگی بڑھانے اورتعلیم کے فروغ کے لئے جو عملی اقدامات اُٹھانے کا عزم کر رکھا ہے وہ خوش آئندہ ہے، جبکہ وزیراعلیٰ محمودخان خود علم دوست شخصیت ہے صوبہ خیبرپختونخوا میں تعلیمی انقلاب لانے اور تعلیم سب کے لئے کو مشنری جذبے کے تحت ایک چیلنج کے طورپر قبول کیا ہے اور دوٹوک الفاط میں اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ اس مشن اور ایجنڈاکو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔ جبکہ وزیراعلیٰ محمودخان کے اس مشن کو عملی جامہ پہنانے کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتاہے کہ انہوں نے اپنے بچوں کو بھی سرکاری تعلیمی اداروں میں داخل کروانے کا اعلان کیا ہے جو ایک اچھا فیصلہ ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ سکول نہ جانے والے والے بچوں کو بھی علم کی اس روشنی سے منور کرنے کے لئے عملی طور پر اقدامات اُٹھائے جائیں اور جب ہم مشترکہ طور پر اس حوالے سے اپنی اپنی ذمہ داری پوری کریں گے، تو “تعلیم سب کے لئے “وزیراعلیٰ کا مشن پورا ہو سکے گا اور ایک تعلیم یافتہ معاشرے کے قیام کا خواب بھی شرمندہ تعمیر ہوکررہے گا
تاہم تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے سب سے زیادہ توجہ تعلیم پر مرکوز کرکے ایک اہم کارنامہ سرانجام دیاہے ، اور ایک تعلیم یافتہ قوم تیارکرنے کے لئے تحریک انصاف کی طرف سے اُٹھائے جانیوالی اقدامات کو عوام بھی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور وزیراعلیٰ محمودخان نے تعلیم سب کے لئے جو نعرہ دیا ہے اس کو عملی کرنے کے لئے محمودخا ن انتہائی سنجیدہ دکھائی دے رہے ہیں ، کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ تعلیم سے دور رہنے والی قوم ترقی نہیں کر سکتی ۔ اگر کسی قوم ترقی اور خوشحالی مقصود ہو تو اس قوم کو تعلیم کے فروغ پر توجہ دینا ہوگا پی ٹی آئی کے موجودہ حکومت نے جس طرح شرح خواندگی بڑھانے اور فروغ علم کے لئے جو پلان تیار کیا ہے اس کو عملی بنانے میں ملک وقوم کی بہتری ہے اور وہ دن دور نہیں جب تحریک انصاف کا مشن پورا ہوکر تاریکی اور اندھیروں میں روشنی کا سبب بنے گا۔
2,792 total views, 2 views today