سوات(سوات نیوز ڈاٹ کام )چیئرمین ڈیڈیک سوات فضل حکیم خان نے سیدوگروپ آف ہسپتال سوات میں ایک سادہ مگر پروقار تقریب کے دوران فری ڈرگ کیمپ کا افتتاح کیا اس کا اہتمام عالمی یوم ذیابیطس کی مناسبت سے فلاحی طبی ادارے ہیک پیشنٹ ویلفئیر آرگنائزیشن نے فضل حکیم خان کی خصوصی درخواست پر کیا ہے کیمپ ہر ماہ کے پہلے ہفتے میں ایک روز کے وقفے سے سیدو ہسپتال اور مٹہ ہسپتال میں منعقد ہوگا جہاں شوگر اور دل کے مریضوں کو طبی نسخے کے مطابق پورے ایک مہینے کی ادویات مفت مہیا کی جائیں گی واضح رہے کہ اس سے قبل یہ ادارہ صرف پشاور کے تین بڑے ہسپتالوں کو نادار مریضوں کیلئے مفت ادویات کی سہولت مہیا کر رہا تھا اس موقع پرہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر سعداللہ، ڈی ایم ایس ڈاکٹر محمد خان اور ہسپتال انتظامیہ کے دیگر حکام کے علاوہ فلاحی ادارے کے پراجیکٹ منیجر مبشر خورشید بھی موجود تھے چیئرمین ڈیڈیک سوات نے نادار مریضوں کو اتنی قیمتی ادویات کی مفت فراہمی اور دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت پر فلاحی تنظیم کے کردار کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پشاور اور سوات کے بعد ادارہ اپنی خدمات کا دائرہ صوبے کے دیگر بڑے شہروں اور ہسپتالوں تک بھی بڑھانے کی بھی حتی الوسع کوشش کرے گا انہوں نے مخیرشہریوں کو ایسے اداروں کی فراخدالانہ امداد کی اپیل کی چیئرمین ڈیڈیک نے پشاور کے سوا صوبے بھر کے کسی بڑے چھوٹے ہسپتالوں میں ذیابیطس جیسے موذی اور مہلک مرض کے علاج کیلئے الگ ورڈ یا شعبہ قائم نہ ہونے پر انتہائی افسوس کا اظہار کیا اور یقین دلایا کہ پی ٹی آئی حکومت ماضی کے حکمرانوں کی پیدا کردہ تمام محرومیوں کا بتدریج ازالہ کرے گی انہوں نے سیدو ہسپتال انتظامیہ کو اس سلسلے میں پہل کرتے ہوئے شوگر کے مریضوں کیلئے کم از کم الگ او پی ڈی قائم کرنے اور اس مقصد کیلئے فوری انتظامات کی ہدایت بھی کی۔
1,178 total views, 2 views today