لاہور: پاکستان کے سب سے بڑے کرکٹ ٹورنامنٹ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چوتھے ایڈیشن کے لیے ڈرافٹ جاری ہے جس میں شاہد آفریدی، مصباح الحق، محمد حفیظ، اے بی ڈویلیئرز اور اسٹیو اسمتھ جیسے نامور کھلاڑیوں کو منتخب کرلیا گیا ہے۔پی ایس ایل کے چوتھے سیزن کے ڈرافٹ سے قبل تمام فرینچائزز کے مالکان کو اعزاز سے نوازا گیا۔
ڈرافٹ کی پلاٹینیم کیٹیگری میں سب سے پہلی پک لاہور قلندرز کو ملی جنہوں نے جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اے بی ڈویلیئرز کو اپنی ٹیم میں منتخب کرلیا۔
پلاٹینین کیٹیگری میں ہی چھٹی ٹیم نے آسٹریلیا کے کپتان اسٹیو اسمتھ اور پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی کو منتخب کرلیا، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ڈووین براوو، لاہور قلندرز نے محمد حفیظ ، پشاور زلمی نے کیرون پولارڈ کو خریدا۔
سابق کپتان مصباح الحق کو بھی پی ایس ایل میں جگہ مل گئی اور پشاور زلمی نے ڈائمنڈ کیٹیگری میں سابق کپتان کو خریدا۔
ڈائمنڈ کیٹیگری میں لاہور قلندرز نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے فائنل کے آخری اوور میں 4 چھکے لگانے والے ویسٹ انڈیز کے کارلوس بریتھ ویٹ کو خرید لیا۔
ڈائمنڈ کیٹیگری میں چھٹی ٹیم نے انگلینڈ کے جو ڈنلے، اسلام آباد یونائیٹڈ نے این بیل، لاہور قلندرز نے کورے اینڈرسن کو خرید لیا۔
گولڈ کیٹگری میں انگلینڈ کے ڈیوڈ ملن پشاور زلمی، ویسٹ انڈیز کے نیکولس پوران اور افغانستان کے قیس احمد چھٹی ٹیم، زمبابوے کے سکندر رضا کراچی کنگز، انگلینڈ کے فل سالٹ اسلام آباد یونائیٹڈ، آسٹریلیا کے فواد احمد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور نیپال کے سندیپ لمی چانے لاہور قلندرز کا حصہ بن گئے۔
سلور کیٹیگری میں اویس ضیا، اسامہ میر اور آسٹریلیا کے ارون سمرز کراچی کنگز، جنوبی افریقہ کے وین میڈسن پشاور زلمی، جنوبی افریقہ کے کیمرون ڈلپرٹ اسلام آباد یونائیٹڈ، دانش عزیز اور احسن علی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، نعمان علی چھٹی ٹیم اور حارث سہیل لاہور قلندرز میں شامل ہوگئے۔
سلور کیٹیگری میں ہی پشاور زلمی نے جمال انور، کراچی کنگز نے سہیل خان اور افتخار احمد کو منتخب کیا۔
ایمرجنگ کیٹیگری میں لاہور قلندرز نے محمد عمران، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے غلام مدثر کو منتخب کیا۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا آغاز 14فروری 2019 کو رنگارنگ افتتاحی تقریب کے ساتھ متحدہ عرب امارات میں ہوگا۔
پچھلے سال کی طرح اس مرتبہ بھی فائنل سمیت پی ایس ایل کے کچھ میچز پاکستان میں منعقد کروائے جائیں گے۔
13 نومبر کو تمام ٹیموں نے قواعد کے مطابق ٹیم میں برقرار رکھے جانے والے کھلاڑیوں کی فرست جاری کردی تھی۔
گزشتہ برس کی فاتح ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ نے پلاٹینم کیٹیگری میں شامل تینوں کھلاڑیوں لیوک رونچی، شاداب خان اور فہیم اشرف کو برقرار رکھا۔
پشاور زلمی نے پلاٹینم کیٹیگری میں وہاب ریاض اور حسن علی کو برقرار رکھا جبکہ ڈیرن سیمی اور کامران اکمل پلیئر ایمبیسیڈر کے طور پر ڈائمنڈ کیٹیگری میں موجود رہے۔
مزید پڑھیں: پی سی بی نے ملتان سلطانز کا معاہدہ منسوخ کردیا
کراچی کنگز نے پلاٹینم کیٹیگری میں محمد عامر، بابر اعظم اور کولن منرو کو جبکہ کولن انگرام کو ڈائمنڈ کیٹیگری میں برقرار رکھا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں سرفراز احمد، سنیل نارائن پلاٹینم کیٹیگری میں جبکہ آسٹریلین آل راؤنڈر شین واٹسن ڈائمنڈ کیٹیگری میں برقرار رہے۔
1,558 total views, 2 views today