امریکا(این این ائی )امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو افغان طالبان سے بات چیت کرنے اور انہیں مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے پاکستان کی ضرورت پڑ گئی۔دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کے وزیرِاعظم عمران خان کو خط لکھا جس میں انہوں نے افغان تنازع کا حل نکالنے کے لیے اسلام آباد سے مدد کی درخواست کی۔اپنے خط میں ڈونلڈ ٹرمپ نے اعتراف کیا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑی قربانیاں دی ہیں، اور زور دیا کہ پاکستان اور امریکا مل کر اس شراکت دار کو مزید مستحکم کرنے کے لیے دوسرے شعبوں میں بھی کام کریں۔نجی ٹی وی چینل جیو کی رپورٹ کے مطابق اینکر پرسن حامد میر نے انکشاف کیا تھا کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے انہیں بتایا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انہیں خط لکھا ہے اور افغان طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے اسلام آباد سے مدد مانگ لی۔
اینکر نے بتایا کہ وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ انہوں نے واشنگٹن کو اس معاملے میں مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی ہے۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے حامد میر کو بتایا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان اس حوالے سے روابط قائم ہیں، تاہم پاکستان بھی اس ضمن میں خلوص، نیت کے ساتھ کوشش کرے گا۔
حامد میر کے مطابق عمران خان کا کہنا تھا کہ امریکا کا نمائندہ خصوصی برائے افغان امور بھی اسی سلسلے میں بات چیت کے لیے اسلام آباد آئے گا۔
اینکر پرسن سے بات کرتے ہوئے وزیرِا عظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان کی جانب سے ماضی میں امریکا سے معذرت خواہانہ رویہ اختیار کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے واشنگٹن کو منہ توڑ جواب دیا تو اب اس نے پاکستان کو خط لکھ ڈالا۔برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے بھی امریکی صدر کی جانب سے وزیرِاعظم عمران خان کو خط موصول ہونے کی تصدیق کردی۔
رائٹرز سے بات کرتے ہوئے وزیرِاطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے عمران خان کو خط لکھا ہے اور انہوں نے پاکستان سے افغان طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے میں مدد مانگی ہے۔
1,072 total views, 2 views today