مینگورہ، خیبر پختونخوا کے وزیر تعلیم محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ موجودہ دور میں با مقصد تعلیم کے بغیر ترقی کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا یہی وجہ ہے کہ صوبائی حکومت عمران خان کے ویثرن کے مطابق سرکاری تعلیمی اداروں کو تمام سطحو ں پر اعلیٰ نجی تعلیمی اداروں کے بر ا بر لانے کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ وہ پیر کے روز مانکیال سوات میں سوئس ایجنسی فار ڈویلپمنٹ اینڈ کو ا پر یشن (ایس ڈی سی )کے تحت سکولوں کی تعمیر کے پانچ سالہ منصوبے کی تکمیل کے آخری سکول کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر سویٹز رلینڈ کے کے سفیر مارک پی جارج اور ایس ڈی سی کے یورپ ،ایشیاء اور امریکہ کے سربراہ جیفُ لک برماسکونی ،سرکاری محکموں کے افسران ،معززین علاقہ اور منتخب نمائندوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ تعلیم کے میدان میں موجودہ حکومت کے اٹھائے گئے اقدامات کسی تعارف کے محتاج نہیں انھوں نے کہا کہ 15ہزار اساتذہ کو این ٹی ایس کے ذریعے خالص میرٹ پر بھرتی کیا گیا اسی طرح 15ہزار مزیداساتذہ بھرتی کئے جارہے ہیں انھوں نے مزید کہا کہ صوبے بھر کے سکولوں کی تزئین و آرائش اور ان میں بنیادی ضروریات کی فراہمی پر 17ارب روپے خرچ کئے جا چکے ہیں اور سکولوں کی حالت بہتربنائی گئی ہے انھوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد غریب والدین کے بچوں کو صاف ستھرے اور پر سکون ماحول میں تعلیم کے بہترین مواقع فراہم کرناہے انھوں نے کہا کہ سرکاری سکولوں کے جو طلبا ء اور طالبات اپنے اپنے امتحانی بورڈ میں ٹاپ ٹونٹی پوزیشن حاصل کرینگے ان کو بتدریج 10لاکھ،5لاکھ اور3لاکھ روپے نقد انعام دیا جائے گا انھوں سیلابوں اور دیگر قدرتی آفات میں تباہ شدہ سکولوں کی تعمیر میں فراخدلانہ امداد فراہم کرنے پر ایس ڈی سی اور سوئس حکومت کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سوئس سفیر مسٹر جارج نے کہا کہ 2010کے سیلاب کے نتیجے میں ضلع سوات ،چارسدہ اور نوشہرہ میں تقریباً دو سو سکول تباہ ہوگئے تھے اس مقصد کیلئے ایس ڈی سی نے پانچ سالہ منصوبہ تشکیل دیا جس میں 32سکولوں کو ازسرنو تعمیر کیا گیا جبکہ 60سکولوں کی جزوی مرمت کی گئی اور ان کو طلباء اور طالبات کیلئے پرامن تعلیمی ماحول کے مطابق تعمیر کیا گیا اس طرح تین ہزار طالبات اور بارہ ہزار طلباء کو معیاری تعلیمی ماحول فراہم کیا گیا انھوں نے اس منصوبے پر عمل در آمد کے سلسلے میں امداد فراہم کرنے پر اقوام متحدہ کے متعلقہ ایجنسیوں ،حکومت پاکستان اور حکومت خیبر پختونخوا کا شکریہ ادا کیا ۔تقریب کے آخر میں سکولوں کے طلباء و طالبات میں سکول بیگ تقسیم کئے گئے جبکہ اس سے پہلے مانکیال ہائیر سیکنڈری سکول کا باقاعدہ افتتا ح کیا گیا۔
532 total views, no views today


