کراچی: آف اسپنر سعید اجمل نے ون ڈے اور ٹوئنٹی 20 کو بولرز کیلیے انتہائی دشوار قرار دیا ہے۔
36 سالہ اسپن بولر کا کہناہے کہ ٹی 20 فارمیٹ اور ایک روزہ قوانین میں تبدیلی سے کافی فرق پڑا ہے۔ انھوں نے کہا کہ وقت اب کافی بدل چکاہے، ان دنوں بولرز کے لیے کھیل میں کچھ بھی نہیں ہے، سب قوانین اور سہولیات بیٹسمینوں کے لیے ہیں یہ صورتحال بولرز کیلیے کافی مشکل ہے، ان دنوں کرکٹ کافی تیز ہوچکی اور بولرز پر بھی دباؤ بڑھ گیا ہے، بیٹسمین اب جس قسم کے جارحانہ شاٹس کھیل رہے ہیں، چند برس قبل یہ بہت کم دکھائی دیتے تھے۔
ٹوئنٹی 20 اور ون ڈے میں شروع سے ہی بیٹسمین جارحانہ انداز میں کھیلنا شروع کردیتے ہیں جس سے بولرز کو ہر میچ میں نئی ورائٹی کے ساتھ میدان میں اترنے کی ضرورت پڑتی ہے، ٹوئنٹی 20 تو درحقیقت بنی ہی بیٹسمین کے لیے ہیں جبکہ ون ڈے میں سرکل کے اندر پانچ فیلڈرز کی موجودگی کے قانون نے بولرز پر پریشر میں مزید اضافہ کردیا ہے، ان دنوں آخری 10 اوورز میں 100 رنز بننا عام سی بات بن کر رہ گئی ہے۔
1,152 total views, no views today


