سوات،پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پی کے 86میں بھر پور طاقت کا مظاہرہ،ہزاروں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی ریلی نکالی گئی ،ریلی پورن ہاؤس سنگوٹہ سے شروع ہوئی اورشین باغ ڈھیری میں اختتام پذیر ہوئی ،ریلی کی قیادت وزیر اعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام کے چھوٹے بھائی اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عباد اللہ اور مسلم لیگ (ن) سوات کے ضلعی صدر قیموس خان کر رہے تھے ،
ریلی کے شرکاء ملی نغموں کی گونج میں پی کے 86کے مختلف شہروں اور قصبوں سے گزرتے رہے ،ریلی کے شرکاء انتہائی جذباتی تھے اور نواز شریف ،امیر مقام زندہ باد کے نعرے لگاتے رہے ،ریلی کے اختتام پر باغ ڈھیری فٹ بال گراؤنڈ میں ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر عباداللہ اور قیموس خان نے ریلی کے شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس کامیاب ریلی کے انعقاد نے ثابت کر دیا ہے کہ ضمنی الیکشن میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی کامیابی یقینی ہے ،اپنے خطاب میں رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عباد اللہ نے کہا کہ آج پی کے 86کے عوام نے 24اپریل کے الیکشن کا فیصلہ 22 اپریل ہی کو سنا دیا ہے ،کہ وہ مسلم لیگ (ن) ،میاں محمد نواز شریف ،اور انجینئر امیر مقام کے ساتھ ہیں ، انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہوں کہ ہماری محبت کا یہ رشتہ یونہی بحال رہے ،انہوں نے کہا کہ پی کے 86کے عوام کو اب کھوکھلے نعروں سے گمراہ نہیں کیا جاسکتا ،کیونکہ عوام عملی کام اور عوامی قیادت پر یقین رکھتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ دھاندلی کے ماہر اعظم سواتی دھاندلی کے منصوبوں اور جعلی بیلٹ پیپروں سمیت دھاندلی کی غرض سے سوات میں موجود ہیں لیکن ہم ان کی دھاندلی کا کوئی منصوبہ کامیاب نہیں ہونے دیں گے ،اور انہیں سوات سے بھاگنے پر مجبور کر دیں گے ،انہوں نے کہا کہ اگر کسی نے دھاندلی کی کوشش کی تو سنگین نتائج کے وہ خود زمہ دار ہوں گے ،انہوں نے کہا کہ نہ ہم دھاندلی کرتے ہیں اور نہ کسی فراڈی کو کرنے دیں گے ،انہوں نے کہا کہ غیر فطری اتحادوں ،نوسربازوں اور ماضی میں آزمائے ہوئے لوگوں سے ہوشیار رہیں ،انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے نام سے جعلی کارڈ تیار کرکے لوگوں کو دھوکہ دیا جا رہا ہے ،انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ اس جعل سازی کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے اور ان کے خلاف 419اور 420کے تحت مقدمات کا اندراج کیا جائے ۔
493 total views, no views today


