راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ حکومت سے جان چھڑانے کے لئے گرینڈ الائنس وقت کی ضرورت ہے اور طاہر القادری نے یقین دلایا ہے کہ اب دھرنا ہوگا مذاکرات نہیں۔راولپنڈی میں چوہدری برادران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ طاہر القادری اور ہم ایک دوسرے کو کبھی نہیں چھوڑ سکتے، 20 جون کو تاریخی لانگ مارچ ہوگا اور 23 جون کو طاہر القادری کا تاریخی استقبال کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سے جان چھڑانے کے لئے گرینڈ الائنس وقت کی ضرورت ہے اور طاہر القادری نے یقین دلایا ہے کہ اب دھرنا ہوگا مذاکرات نہیں کیونکہ ہم خودکش سیاستدان ہیں جو تابوت کندھے پر لے کر پھرتے ہیں۔
مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ ٹرین مارچ کا گجرات میں استقبال کروں گا، طاہر القادری کے انقلابی پروگرام کی پوری مدد کریں گے اور ہوسکتا ہے کہ اس سلسلے میں تحریک انصاف سے بھی بات کریں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں طاہر القادری کا ساتھ نہ دے کر حکومت بچائی لیکن مسلم لیگ (ن) کی موجودہ حکومت خود ہی گرنا چاہتی ہے اس لئے ہم پیپلز پارٹی سمیت تمام اپوزیشن جماعتوں کو گرینڈ الائنس کی پیش کش کریں گے۔ اس موقع پر چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ ہم شیخ رشید کے ٹرین مارچ کی بھرپور حمایت کرتے ہیں، اس میں مسلم لیگ(ق) بھی بھرپور طور پر شرکت کرے گی اور اس سے پنجاب حکومت کی جمہوریت کا بھی ٹیسٹ ہوجائے گا۔
330 total views, no views today


