سوات، اے این پی نے پارٹی رکن اورنیشنل یوتھ ارگنائزیشن کے صدر خلیل اللہ باچا،نورالعابدین اورحضرت حسین کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے پارٹی کی جانب سے سوات جبکہ نیشنل یوتھ ارگنائزیشن کی طرف سے ملک میں بھرمیں تین روزہ سوگ منانے کا اعلان کردیاجبکہ ملزموں کی عدم گرفتاری کی صورت میں احتجاج کی دھمکی بھی دے دی،اس حوالے عوامی نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر شیرشاہ خان نے سوات پریس کلب میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عوامی نیشنل پارٹی امن کے دشمنوں کے نشانے پر ہے اور اب تک اس پارٹی کے کئی افراد جام شہادت نوش کر چکے ہیں
گذشتہ روز سوات میں قیامت صغریٰ اس وقت بر پا ہوئی جب علاقہ برہ بانڈئی میں عوامی نیشنل پارٹی کی سرکردہ شخصیت اور نیشنل یوتھ آرگنائزیشن سوات کے صدر خلیل اللہ اورعوامی نیشنل پارٹی کی دوسری معزز شخصیت اور امن کیلئے قربانیاں دینے والے خاندان کے چشم چراغ نعمت علی خان اور ان کے ساتھی دہشت گردوں کے نشانے پر آگئے جس کے نتیجے میں خلیل اللہ باچا ، نورالعابدین اور حضرت حسین شہادت کے رتبے پر فائز ہوگئے جبکہ نعمت علی خان اوران کا دوسرا ساتھی شدید زخمی ہوئے ، واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور اسے ایک بزدلانا اور وحشیانہ کارروائی قرار دیتے ہیں ، انہوں نے کہاکہ سوات میں اس قسم کے واقعات امن کے رکھوالوں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ، دن کی روشنی میں برہ بانڈئی کے بھر ے بازار میں پیش آنے والا واقعہ سوات پولیس اور سیکورٹی فورسز کیلئے لمحہ فکر یہ ہے ایک طرف حکومت سوات میں موثر اپریشن اور امن کی مثال دیتی ہے جبکہ دوسری جانب سوات میں بدامنی کے پے درپے واقعات سمجھ سے بالاتر ہیں ،انہوں نے کہاکہ ہم پر انگلیا ں اٹھانے والے آج خود مذاکرات میں سنجیدہ اور مخلص نہیں ، ہم نے سوات میں خون کی قربانیاں دے کر امن کے قیام کو ممکن بنایا لیکن آج حکومت قیام امن میں مکمل طور پر نا کام دکھائی دے رہی ہے اور امن کیلئے دی گئیں قربانیوں کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے آج بھی عوامی نیشنل پارٹی کے کارکن نشانے پر ہیں لیکن حکمرانوں نے اس پر خاموشی اختیار کررکھی ہے ، صوبائی حکومت کی ناقص منصوبہ بندی کے باعث آج سوات میں کسی کے جان ،مال عزت و ابرو محفوظ نہیں ، امن کے دشمن دھند ناتے گھوم پھر رہے ہیں جبکہ حکومت کی طرف سے انہیں منظم ہونے کا موقع بھی فراہم کیا جارہا ہے اور ان عناصر کو اے این پی کے خلاف کارروائی کرنے کی کھلی چھوٹ دی گئی ہے لیکن ہم یہ واضح کردینا چاہتے ہیں کہ اس قسم کے واقعات ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے پختونوں کی بقاء و سلامتی اور اس دھرتی کے تحفظ کیلئے اگر مزید قربانی دینے کی ضرورت پڑی تو دریغ نہیں کریں گے ، انہوں نے کہاکہ عوامی نیشنل پارٹی کے کارکنوں کا حوصلہ بلند اور جذبے جوان ہیں ہم اپنے سینوں کو اس دھرتی کی حفاظت کیلئے ڈال کے طور پر استعمال کر یں گے لیکن یہاں ہم اس مطالبے میں بھی حق بجانب ہیں کہ حکمرانوں کوعوام کی جان ومال عزت وابرو کی حفاظت کیلئے عملی اقدامات اٹھانا ہوں گے اور عوام کو ان عناصر کے رحم وکرم پر چھوڑنے سے گریز کرے جو ایک بار پھر ریاست کے اندر ریاست قائم کرنے کیلئے سرگرم عمل ہیں ،انہوں نے کہاکہ خدارا ! اس دھرتی اور یہاں کے باسیوں پر رحم کیا جائے اور حکومت قربانیوں کے نتیجے میں قائم ہونے والے امن کو دیر پا بنانے میں اپنا کردار ادا کرے ، انہوں نے مطالبہ کیاکہ برہ بانڈئی میں پیش آنے والے واقعہ میں ملوث ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کرکے انصاف کے کٹہرے میں لاکھڑا کیا جائے بصورت دیگر عوامی نیشنل پارٹی بھر پور احتجاج کرے گی ، انہوں نے پارٹی کی طرف سے سوات میں جبکہ نیشنل یوتھ ارگنائزیشن کی طرف سے پورے ملک میں تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ،اس موقع پر پارٹی کے ضلعی جنرل سیکرٹری رحمت علی خان،سابق صوبائی وزیر سائنس وٹیکنالوجی محمدایوب خان اشاڑے اورپارٹی ونینشل یوتھ ارگنائزیشن کے دیگر عہدیدارواراکین کی کثیرتعدادبھی موجود تھی ،اس سے قبل عوامی نیشنل پارٹی اورنیشنل یوتھ ارگنائزیشن کے عہدیداروں اورکارکنوں نے برہ بانڈئی واقعہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے ملزموں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا جبکہ شدیدنعرہ بازی بھی کی۔
411 total views, no views today


