سوات (سوات نیوز ڈاٹ کام )ضلع ناظم سوات محمد علی شاہ خان نے کہاہے کہ ہم عوامی لوگ ہیں علاقے کی لوگوں کے بلاامتیاز خدمت ہمارے منصب کا بنیادی تقاضا ہے جس کیلئے ہم دن رات کوشش کر رہے ہیں لوگوں کی بنیادی ضروریات سے وابستہ مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کیلئے ہم دن رات کوشاں ہیں تاہم اگر کسی کو کوئی بھی شکایت ہو تو وہ براہ راست ہم سے رابطہ کرسکتا ہے سوات کو اکیسویں صدی کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے بلدیاتی نظام کے جملہ اختیارات اور فنڈز کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے باہمی افہام وتفہیم کے ساتھ مل جل کر کوششیں کی جارہی ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے پختونخوا ریڈیو سوات کے پروگرام ’’حال احوال‘‘ میں میزبان فضل خا لق خان کے سوالات کاجواب دیتے ہوئے کیاضلع ناظم نے کہا کہ ہم سب نے اس علاقے کے لوگوں کی بلا امتیاز خدمت کا بیڑا اُٹھایا ہے سوات ایکسپریس وے اور دیگر اہم منصوبے آگے چل کر سی پیک جیسے عظیم عالمی گیم چینجر پلان سے منسلک ہونے کی صورت میں پورے خطے میں معاشی انقلاب کا باعث بنیں گے انہوں نے کہا کہ سوات کیلئے 12 انچ قطر کی سوئی گیس لائن، 132 کے وی چکدرہ گرڈ اسٹیشن کا قیام، چکدرہ تا فتح پور اوربحرین تا کالام روڈ کی تعمیر اہم منصوبے ہیں ان ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے سوات حقیقی معنوں میں ترقی کی دوڑ میں شامل ہوجائے گا انہوں نے کہا کہ ہم ضلعی حکومت کے زیر انتظام اگلے ماہ سے خصوصی تعلیمی بجٹ مختص کرکے ہر مستحق طالب علم کو یونیفارم، جوتے اور دھوپ و بارش سے بچنے کیلئے چھتریاں بھی فراہم کررہے ہیں جبکہ غریب طالبات کو تعلیمی درسگاہوں تک لانے اور لے جانے کی سہولت کے طورپر ان کی ٹرانسپورٹ کا خرچہ بھی اُٹھائیں گے اسی طرح بیوہ خواتین کو گھر کی چاردیواری کے اندر باعزت روزگار کے طورپر سلائی اور کشیدہ کاری کی مشینیں دے کر معاشی استحکام میں مدددی جائے گی ہم سوشل ویلفئیر ادارے کے تعاؤن سے بے آسرا خواتین کو ان کے مقدمات کا فیصلہ ہونے تک سہولیات کے ساتھ دارالامان میں رکھنے کیلئے بھی اقداما ت کررہے ہیں اس کے علاوہ ضلعی حکومت کے منصوبوں میں سوات کے تمام اسپتالوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل کرنے کیلئے ہیوی سولر سسٹم بھی نصب کئے جارہے ہیں اس شمسی نظام کی تنصیب سے اسپتال میں داخل مریضوں اوران کے تیماردار لواحقین کو گرمی وسردی کے موسم میں کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا انہوں نے کہا کہ ترقیاتی معاملات میں صوبائی اور ضلعی حکومت کا باہمی تعاون مثالی ہے تاہم عوام بھی ضلعی حکومت کے ان اقدامات میں ساتھ دیتے ہوئے ہم سے تعاؤن کریں تاکہ سوات کو حقیقی معنوں میں جنت ارضی بنایا جاسکے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
1,586 total views, no views today



