اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے ارکان کے استعفوں کی تصدیق کرنا ان کی ذمہ داری ہے اور تصدیق کے بغیر کسی کا استعفی منظور کیا تو وہ مستقبل میں عدالت جا سکتا ہے۔پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ تحریک انصاف کے رہنما انہیں ڈکٹیٹ نہیں کرسکتے،انہوں نے ہمیشہ غیر جانداری سے ایوان کو چلانے کی کوشش کی ہے یہی وجہ ہے کہ انہوں نے ہمیشہ حکومت سے زیادہ اپوزیشن کو وقت دیا،
اس سلسلے میں ان کے پاس اسمبلی کی تمام کارروائی کا ریکارڈ موجود ہے۔ جن 5 استعفوں کو مسترد کردیا گیا تھا ان میں سے دو استعفے تصحیح ہوکر ان کے پاس واپس آگئے ہیں۔
ایازصادق کا کہنا تھا کہ شاہ محمود قریشی نے انہیں خط بھیجا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ تحریک انصاف کے تمام ارکان کو ایک ساتھ بلایا جائے۔ یہ ڈی چوک نہیں کہ تمام ارکان کو اکٹھا بلایا جائے، قوائد کے مطابق ہر رکن کی انفرادی حیثیت سے تصدیق لازم ہے،استعفوں کی تصدیق کرنا ان کی ذمہ داری ہے، تصدیق کے بغیر کسی کا استعفی منظور کیا تو وہ مستقبل میں عدالت جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جہاں تک ہوسکتا تھا انہوں نے تحریک انصاف کو رعایت دے دی اور اب وہ قاعدے کے مطابق چلیں گے۔
واضح رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے آج شاہ محمود قریشی، عارف علوی اور شیریں مزاری کو ان کے استعفوں کی تصدیق کے لئے طلب کر رکھا تھا تاہم وہ اسپیکر کے چیمبرمیں ہی پیش نہیں ہوئے۔
451 total views, no views today


