سیالکوٹ: ورکنگ باؤنڈی پر بھارتی دراندازی عید کے تیسرے روز بھی بلا تعطل جاری ہے، آج بھی بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری سے ایک پاکستانی شہید جب کہ شکرگڑھ سیکٹر میں گزشتہ روز زخمی ہونے والی خاتون دم توڑی گئی جس سے 3 روز میں بھارتی دہشت گردی کا نشانہ بننے والوں کی تعداد 10 ہوگئی جبکہ 42 افراد زخمی ہیں۔سیالکوٹ کی ورکنگ باؤنڈری پر گزشتہ کئی روز سے بھارت کی جانب سے مسلسل جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے، چارواہ اور ہرپال سیکٹر پر پاکستان کی حدود میں واقع 3 دیہات پر بھارتی فوج نے بلااشتعال فائرنگ کی، ایک مارٹر گولا جانوروں کی حویلی میں گرنے سے 45 سالہ شخص شمس شہید اور 2 زخمی ہوگئے
جب کہ گزشتہ روز شکرگڑھ میں بھارتی فوج کی فائرنگ کا نشانہ بننے والے طاہرہ بی بی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑگئی۔ بھارتی فوج کی چپراڑ سیکٹر میں بھی فائرنگ اور گولہ باری کے نتیجے میں 2 افراد شہید اور 3 زخمی ہوئے، اسی طرح سجیت گڑہ سیکٹر میں بھی شدید فائرنگ کی گئی جہاں 3 افراد شدید زخمی ہوگئے۔ بھارتی گولہ باری کے باعث 70 ہزار سے زائد افراد متاثر ہورہے ہیں جبکہ 20 ہزار سے زائد نقل مکانی کرگئے۔ بھارتی فوج کی اشتعال انگیزی کے جواب میں پنجاب رینجرزبھی بھرپور انداز میں جواب دے رہی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق بھارتی فورسز کی جانب سے ایک مرتبہ پھر سیالکوٹ کے قریب ورکنگ باؤنڈری پر وقفے وقفے سے بلا اشتعال فائرنگ جاری ہے جس کا بھرپورانداز میں جواب دیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ 3 روز کے دوران سیالکوٹ کی ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی گولہ باری اور فائرنگ سے 4 شہری شہید اور 10 زخمی ہوگئے تھے، اس کےعلاوہ گولہ باری سے 10 مکانات کو بھی شدید نقصان پہنچا تھا۔
425 total views, no views today


