سوات، وزیر اعظم کے مشیراور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سینئر نائب صدر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ عمران اور قادری کے دھرنوں سے پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے ،ان کے دھرنے نواز شریف یا مسلم لیگ (ن) کے خلاف نہیں بلکہ پاکستان کے18 کروڑعوام کے خلاف ہیں ،اور عوام انہیں کبھی معاف نہیں کریں گے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے پورن ہاؤس سنگوٹہ سوات میں عید ملنے کیلئے آنے والے مسلم لیگی کارکنوں اور علاقائی عمائدین سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ،انجینئر امیر مقام نے کہا کہ ملک میں منتخب جمہوری حکومت کو عدم استحکام سے دوچار کرنے والے دراصل اس ملک کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کے دشمن ہیں ،دھرنوں کی سیاست پاکستان کے عوام مسترد کر چکے ہیں ، ان دھرنوں کے دوران دی جانے والی ہر کال پاکستانی عوام نے مسترد کی ان کی سول نافرمانی کو عوام نے قبول نہیں کیا ،اور ان کی ملک کے خلاف ہر سازش ناکام رہی،انہوں نے کہا کہ عمران خان کنٹینر پر چڑھ کر قوم کو سہانے خواب دکھانے کی بجائے خیبر پختونخوا کے عوام کے مینڈیٹ کا احترام کریں اور اپنی توانائیاں ضائع کرنے کی بجائے خیبر پختونخوا کے عوام کی خدمت پر صرف کریں ،انہوں نے کہا کہ عمران خان خیبر پختونخوا میں اپنی حکومت کی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کیلئے جو اعلانات کر رہے ہیں ان کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ، انہوں نے کہا کہ کیا عمران خان بتا سکتے ہیں کہ خیبر پختونخوا کے کس ہسپتال میں مفت علاج کیا جاتا ہے کس تعلیمی ادارے میں مفت تعلیم دی جاتی ہے ،انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت ہی ہماری سیاست ہے ،اور ہماری حکومت کا مقصد بھی یہی ہے ۔
916 total views, no views today


