مینگورہ،وزیر اعظم کے مشیر اور مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سینئر نائب صدر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ کوئی مائی کا لال مٹلتان ہائیڈرو پاور پراجیکٹ ختم نہیں کرواسکتا ،اس پر سیاست چمکانے کی ضرورت نہیں ،350ڈیم بنانے کا دعوایٰ کرنے والے ڈیرھ سال میں ایک پراجیکٹ کی ٹینڈرنگ کاکام بھی مکمل نہ کرسکے،اگر ضرورت پڑی تو پارٹی مفادات سے بالاتر ہوکر کالام کے عوام کے ساتھ کھڑے ہوں گے ،اور کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں پی کے 85کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ،انجینئر امیر مقام نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ صوبائی حکومت نے17ارب روپئے کی کم ترین بولی دینے والی سائینو ٹیک کمپنی کو کامیاب قرار نہیں دیا اور ٹینڈر منسوخ کر دیئے ،جبکہ صوبائی حکومت 19ارب روپے کی بولی دینے والی کسی منظور نظر کمپنی کو نوازنے کا سوچ رہی ہے ،انہوں نے کہا کہ 17ارب روپے کی بولی دینے والی کمپنی نے پشاور ہائی کورٹ میں رٹ داخل کروادی ہے جس پر آج سے سماعت شروع ہوگی ،انہوں نے کہا کہ جہاں تک پراجیکٹ کی مرکز سے منظوری کا تعلق ہے اسے کوئی نہیں رکوا سکتا ،روٹین کے مطابق سی ڈی ڈبلیو پی سے منظوری حاصل کروادینگے ،مسترد ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ،اور ان کے ہوتے ہوئے کوئی اسے مسترد کرنے کی جرات نہیں کر سکتا ،انہوں نے کہا کہ ٹینڈر کروانا اور اسکی منظوری دینا صوبائی حکومت کا کام ہے نہ کہ وفاقی حکومت کا ، کیونکہ یہ منصوبہ صوبائی حکومت کا ہے ،انہوں نے کہا کہ جب بھی سی ڈی ڈبلیو پی کا اجلاس ہوگا اس پراجیکٹ کی منظوری دے دی جائے گی ،انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں 350ڈیموں کی بات کرنے والے عمران خان سے ایک ڈیم کی ٹینڈرنگ تک مکمل نہ ہو سکی ، انہوں نے کہا کہ قول اور فعل میں تضاد ختم کر کے عمران خان صوبے میں ترقیاتی سکیموں پر اپنی توجہ مرکوز کریں ۔
720 total views, no views today


