مینگورہ(ناصرعالم سے)مینگورہ اور گردونواح میں بجلی کی لوڈشیڈنگ جاری،ماہ رمضان میں دورانیہ بڑھادیا گیا،بجلی سرشام غائب ہوجاتی ہے،رات نو بجے تک سپلائی معطل رہنے سے لوگوں کومشکلات کا سامنا،لوگ حکومت اور واپڈاکو دہائیاں دینے لگے،تفصیلات کے مطابق مینگورہ شہر سمیت سوات بھر میں لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے تاہم ماہ رمضان میں اس کا دورانیہ مزید بڑ ھا دیا گیا ہے،شام ہوتے ہی بجلی غائب ہوجاتی ہے جس کے سبب روزہ داروں کو شدیدمشکلات اور پریشانی کا سامنا رہتا ہے،مقامی لوگ کہتے ہیں کہ ہرسال رمضان سے قبل حکومت اس بابرکت مہینے میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے وعدے اور اعلانات کرتی ہے مگر انہیں عملی جامہ نہیں پہناتی یہی وجہ ہے کہ سال کے دیگر مہینوں کے نسبت ماہ رمضان میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑ ھ جاتا ہے جس کے نتیجے میں افطاری،سحری اور نماز وتراویح کی اوقات میں لوگوں کو مشکلات درپیش رہتی ہیں،عوام کہتے ہیں کہ اس بار بھی ماہ رمضان میں سوات کو لوڈشیڈنگ کے حوالے سے خصوصی نشانے پر رکھا گیا ہے حالانکہ یہاں کے لوگ ہر ماہ بڑی پابندی کے ساتھ بروقت بجلی کے بھاری بھاری بل جمع کراتے ہیں مگر اس کے باجود بھی اس علاقے میں گھنٹوں گھنٹوں بجلی کی لوڈشیڈنگ کی جاتی ہے جو ظلم کی انتہا ہے،مقامی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جلدازجلد لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کرکے تسلسل کے ساتھ بجلی کی سپلائی جاری رکھنے کے عمل کویقینی بنائے بصورت دیگر وہ احتجاج پرمجبورہوجائیں گے۔
1,535 total views, no views today



