سوات (سوات نیوز)درجنوں گھوسٹ ملازمین کاڈیوٹی کئے بغیرباقاعدہ تنخواہیں وصول کرنے کاانکشاف، مختلف محکموں میں بھرتی کردہ ملازمین نے اپنے دفاتر کارُخ تک نہیں کیا، صرف تنخواہوں کی وصولی کیلئے آتے ہیں، سیاسی لوگوں کی ڈرائیوری اور ڈیروں پر مہمانوں کی خاطرتواضع ہی گھوسٹ ملازمین کی ڈیوٹی ہے۔ اس حوالے سے تحریک انصاف سوات کے بانی رہنما فضل ربی بھائی نے میڈیا کوبتایاکہ ڈی سی آفس، محکمہ بلدیات سمیت دیگرمحکموں میں درجنوں ایسے ملازمین کوبھرتی کرلیاگیاہے جنہوں نے اپنے متعلقہ دفاتر آنے کی کبھی زحمت نہیں کی اورصرف یکم تاریخ کو اپنے دفاتر سے تنخواہیں وصول کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان گھوسٹ ملازمین میں سے بعض سیاسی لوگوں کے ذاتی ڈرائیورز کے فرائض انجام دیتے ہیں جبکہ متعدد ملازمین ایسے بھی ہیں جوان سیاسی افراد کے ڈیروں پرمہمانوں کی خاطرتواضع اورذاتی کاموں کی بجاآوری پرمامورہیں جبکہ ان سیاسی لوگوں کے رشتہ داروں کی خدمت بھی ان کی ڈیوٹی میں شامل ہے سرکاری خزانے سے یہ گھوسٹ ملازمین مفت کی تنخواہیں لے رہے ہیں انہوں نے کہا کہ جن سیاسی لوگوں نے سرکاری ملازمین کوذاتی ملازم بنالیاہے ہم ان کی شدید مذمت کرتے ہیں یہ پی ٹی آئی کے نظرئیے اور انصاف کے وژن کاقتل ہے جسے ہم برداشت نہیں کریں گے پارٹی کی اعلیٰ قیادت اوروزیراعلیٰ کوگھوسٹ ملازمین کے معاملے کافوری نوٹس لیکران ملازمین کیخلاف تحقیقات کرناچاہئے۔ ان کو اپنے اصل دفاترواپس بھجوانے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔
1,114 total views, no views today



