سوات(سوات نیوز)خیبرپختونخوا کے وزیر زراعت اور لائیو سٹاک محب اللہ خان نے کہا ہے کہ ضم شدہ اضلاع میں زراعت و لائیوسٹاک کے شعبوں میں ترقی کیلئے بھرپور اقدامات اٹھائے جارہے ہیں تاکہ ان اضلاع میں زمیندار اور مویشی پال لوگ خوشحال ہوں اور وہ صوبے کی آمدن میں اضافہ کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع باجوڑ کے ایک روزہ دورے کے دوران عمائدین علاقہ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری زراعت و لائیواسٹاک محمد اسرار خان، ڈپٹی کمشنر عثمان محسود،قائم مقام ڈی جی لائیو سٹاک عالم زیب خان مہمند،ڈائریکٹر لائیوسٹاک ضم شدہ اضلاع ملک ایاز وزیر،ڈائریکٹر زراعت ضم شدہ اضلاع رحمت الدین اور دیگر افسران بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔صوبائی وزیر نے دورے کے دوران ملک ٹیسٹنگ لیبارٹری کے افتتاح کے ساتھ ماڈل ڈیری فارم اور زیتون کے تیل کی مشینری کا معائنہ کیا اور ان کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔اس موقع پر ضلع باجوڑ کے ضلعی افسر زراعت و لائیوسٹاک نے صوبائی وزیر کو زیتون کے تیل کی پیداوار اس کے حصول کے مرحلوں اور مشینری سے متعلق تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ زیتون کی پیداوار کے ضلع باجوڑ میں کافی مواقع ہیں اس طرح ملک ٹیسٹنگ لیبارٹری کی بدولت دودھ میں ملاوٹ کی روک تھام کا تدارک ہو رہا ہے۔بعد ازاں صوبائی وزیر نے ماڈل ڈیری فارم باجوڑ کا بھی معائنہ کیا ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
1,034 total views, no views today



