راولپنڈی: ظفروال اور شکر گڑھ سیکٹرز پر بھارتی فورسز کی جانب سے شہری آبادی پر وقفے وقفے سے فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں 4 افراد شہید ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ ابلاغ عامہ (آئی ایس پی آر) کے جاری کردہ بیان کے مطابق بھارتی فورسز بین الاقوامی سرحدی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شہری آبادی پر بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کررہی ہے جس کے نتیجے میں 2 افراد شہید اور3 زخمی ہوگئے تاہم 2 زخمی دوران علاج دم توڑ گئے جس کے بعد شہادتوں کی مجموعی تعداد 4 ہوگئی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ دسمبر سے اب تک بھارتی فوج نے 6 بار شہری آبادی کو نشانہ بنایا تاہم چناب رینجرز کی جانب سے بھی موثراور بھرپورجوابی کارروائی کی جارہی اور اس دوران بی ایس ایف کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں بھارتی فورسز کو بھاری نقصان اٹھانا پڑرہا ہے جب کہ ذرائع کے مطابق پاکستان رینجرز کی جوابی کارروائی کے دوران 5 بھارتی فوجی بھی مارے گئے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس بھارت میں نریندر مودی کی انتہاپسند حکومت آنے کے بعد سے بھاتی فورسز کی جانب سے سرحد پر بلا اشتعال فائرنگ اورگولا باری کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں شہریوں سمیت کئی سیکیورٹی اہلکار شہید جب کہ لائن آف کنٹرول اورورکنگ باؤنڈری کے قریب رہنے والے شہری علاقہ چھوڑنے پر مجبورہوچکے ہیں۔
317 total views, no views today


