کالام،ہائر سیکنڈری سکول کالام کے طلبہ نے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے ہائر سیکنڈری سکول کالام سے تھانہ کالام تک ریلی نکالی اور تھانہ کالام کے سامنے دھرنا دے کر اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔ طلبہ سمیت یوتھ کونسل کالام اور علاقہ مشران نے بھی احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی۔ طلبہ نے پلے کارڈ تھامے ہوئے تھے جس پر نعرے درج تھے۔طلباء کا مطالبہ تھا کہ سکول میں عرصہ دراز سے پرنسپل، وائس پرنسپل، بیالوجی، کیمسٹری سمیت 16 پوسٹیں خالی ہے جس کو پر نہیں کیا جا رہا۔ سکول میں پینے کا صاف پانی اور لیٹرین اور گراؤنڈ نہ ہونے کی وجہ سے ان کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ چار ٹیچروں کی تعیناتی ہوئی ہے وہ بھی صحیح طور اپنے فرائض سرانجام نہیں دے رہیں۔ پرنسپل کی جگہ سکول انچارج کو تعینات کیا ہے جو اپنی ڈیوٹی سرانجام نہیں دے رہے۔اس دوران جب صحافیوں نے اساتذہ کا موقف جاننا چاہا تو صرف میتھس کا ایک ہی ٹیچر موجود تھے جبکہ سکول انچارج سمیت تمام سٹاف غیر حاظر تھا، میٹھس ٹیچرمحمد طارق سے جب صورت حال بارے پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ سکول انچارج ای ڈی او سے میٹنگ کی غرض سے منگورہ گئے ہیں ، انگلش ٹیچر کا انٹرویو ہے باقی گھریلوں مسائل کے بناء پر چھٹیوں پر ہیں۔احتجاجی مظاہرین میں یوتھ کونسل کالام کے صدر ڈاکٹر عبدالناصر، علاقہ مشران، سابقہ ناظم حبیب اللہ ثاقب، ملک منجور، حاجی محیب اللہ ، ملک عبدالودود، ملک فقیر جان ، ملک گل داد اور دیگر شامل تھے انہوں نے مظاہرین کو بتایا کہ وہ جلد ایک کمیٹی جو علاقہ مشران اور صحافیوں پر مشتمل ہوگی تشکیل دیں گے جو روزانہ کی بنیاد پر سکول کی مانیٹرنگ کریں گے اور غیر حاضر اساتذہ کی شکایات حکام بالا تک پہنچائیں گے۔ سابقہ ناظم حبیب اللہ ثاقب اور دیگر مشران نے مظاہرین کو اس بات کی یقین دہانی کراکے منتشر کردیا کہ وہ ان کے مطالبات کے حق میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور تعلیمی مسائل کے حل کے لئے وزیر اعلی ہاؤس کے سامنے دھرنا بھی دیں گے، ملک عبدالودود نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ نے صوبائی حکومت نیا پاکستان کی تعمیر کے لئے اسلام آباد میں میوزیکل شوز میں مصروف ہے جبکہ ادھر پرانا پختونخوا بوسیدہ ہوتا جارہا ہے۔ تعلیمی مسائل پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، ہم اسلام آباد میں دھرنا دینے والوں کے خلاف خیبر پختونخوا میں دھرنا دیں گے۔ہائر سیکنڈری سکول کے طلباء، یوتھ کونسل کالام اور علاقہ مشران نے جمعہ کو مکمل طور پر شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کردیا۔
818 total views, no views today


