مینگورہ(انٹرویو/ناصرعالم)پی ڈی ایم کامقصد موجودہ ناکام ترین حکومت کا خاتمہ اور ملک میں شفاف انتخابات کراناہے،رہبرکمیٹی کے فیصلوں کی روشنی میں مرحلہ وار تحریک جاری ہے،حکمران ہر محاذپر اورہرلحاظ سے ناکام ہوچکے ہیں،معیشت تباہ ہوگئی،مہنگائی اور بے روزگاری میں اضافہ ہوا،عوام میں مایوسی اور محرومی کا احساس بڑ ھ رہاہے،حکومت کو خوداستعفیٰ دینا چاہئے کیونکہ عوام کا اس پر سے اعتماد اٹھ چکاہے،ان خیالا ت کااظہار جمعیت علماء اسلام کے ترجمان محمداعجازخان نے ایک انٹرویو میں کیاہے،انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم کا قیام دراصل موجودہ حکمرانوں پر عوام کے عدم اعتماد کا واضح ثبوت ہے جس کا مقصد اس حکومت سے چھٹکارا حاصل کرنا ہے اورمقصد کے حصول کیلئے عوام بھرپورساتھ دے رہے ہیں،انہوں نے کہاکہ حکومت کی ناقص اورعوام دشمن پالیسیوں کا نتیجہ ہے کہ آج کلاس فور سے لے کر ہر طبقے کے لوگ سراپا احتجاج نظرآرہے ہیں،روزانہ کہیں نہ کہیں حکومت کیخلاف احتجاجوں کی اطلاعات سامنے آرہی ہیں جو اس حکومت پر عوام کا عدم اعتماد اوراس سے چھٹکارا پانے کا عزم ہے،موجودہ حکمرانوں نے اقتدارمیں آکر عوام کی فلاح وبہبود کیلئے کوئی کام نہیں کیا بلکہ ذاتی مفادات کیلئے عوام کا جینامشکل ومحال بنادیا ہے جس کے سبب عوام میں مایوسی اور محرومی کا احساس بڑ ھ گیا ہے،آج سبزیوں،ادویات اوردیگر اشیائے ضروریہ کے نرخ آسمان سے باتیں کررہے ہیں جس کے باعث عوام کی قوت خرید جواب دے گئی ہے،غربت،مہنگائی اور بے روزگاری کی وجہ سے غریبوں کے گھروں کے چولہے مستقل طورپر بجھے رہنے لگے ظاہری بات ہے کہ کچھ عرصہ بعد یہ غریب لوگ فاقہ کشی پر مجبور ہوجائیں گے اورحکومت بھی یہی چاہتی ہے کہ غربت کی بجائے غریب کا خاتمہ ہو،انہوں نے کہاکہ حکومت نے جو بھی وعدے کئے تھے ان میں سے ایک بھی وعدے یا اپنے نعرے کو عملی جامہ نہیں پہنایا بلکہ عوام کومسلسل زبانی جمع خرچ پرٹرخایا تاہم عوام باشور ہیں انہیں پتہ لگ چکاہے کہ حکومت ان کے ساتھ ہر گز مخلص نہیں بلکہ انہیں صرف سبزباغ دکھا رہی ہے یہی وجہ ہے کہ آج پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے وہ حکومت کے خلاف سراپا احتجاج نظر آرہے ہیں اورہمیں امید ہے کہ عوام کو تاریخ کے ان ناکام ترین حکمرانوں سے جلدنجات ملے گی،انہوں نے کہاکہ جمعیت علماء اسلام اللہ کی زمین پر اللہ کا نظام نافذ کرنے کیلئے عملی جدوجہد کررہی ہے جس میں تمام کارکن قائد جمعیت مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں متحد ہیں اور اس جدوجہد کی کامیابی کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے کیلئے تیار ہیں،انہوں نے کہاکہ جے یو آئی ہی حقیقی معنوں میں عوام کی ترجمانی اور نمائندگی کررہی ہے یہی وجہ ہے کہ عوام جمعیت کی طرف پرامید نظروں سے دیکھ رہے ہیں،جے یو آئی ہی عوام کی محرومی اور مایوسی ختم کرکے انہیں زندگی کی بنیادی سہولیات فراہم کرے گی تاہم اس مقصد کیلئے عوام کو جمعیت علماء اسلام کا ساتھ دیناہوگا۔
778 total views, no views today



