سوات(سوات نیوز)ڈینگی مچھروں کی افزائش و روک تھام سے متعلق ایک اعلی سطحی اجلا س ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرریلیف ریاض علی خان کی زیر صدارت منگل کے روز ڈی سی افس کانفرس روم میں منعقد ہوا جس میں موسم گرما کے دوران ڈینگی مچھروں کی افزائش اور بیماری کی روک تھام سے متعلق اقدامات اور طریقہ کار پر غور وخو ض کیا گیا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ھیلتھ آفس، ٹی ایم ایز، اور واسا،سول ڈیفنس کے نمائندوں کے علاوہ ڈینگی سل کے اہلکاروں نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں ڈینگی مچھر کی افزائش کو بروقت روکنے سے متعلق امور پر تفصیلی بحث ہوئی اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرریلیف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ڈینگی مچھروں کی افزائش کو بروقت روکنے کیلئے عوامی آگہی مہم پر زور دیا جائے، اپنے اپنے علاقوں میں بلاک فیکٹریوں، ٹایر شاپس،سروس سٹیشنوں اور گھروں وغیرہ میں کھڑے پانی کے بروقت بہاؤ کے لیے خصوصی مہم چلائیں اور عوامی آگاہی کے لئے ایف ایم ریڈیوز کے ذریعے عوام میں آگہی مہم چلائیں۔اجلاس میں ٹی ایم ایز کو ہدایت کی گئی کہ وہ بروقت اپنے اپنے علاقوں میں مچھر مار سپرے کریں جبکہ واسا اور پبلک ہیلتھ کے اہلکاروں کو نکاسی آب اور دوسرے نالوں وغیرہ کی صفائی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ یہ بھی ہدایت کی گئی کہ عوام کو آگاہ کیا جائے کہ کہیں پر بھی کھڑی پانی کو رہنے نہ دیا جائے جبکہ اپنی ٹینکیوں کو بند رکھیں۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ تمام سرکاری عمارتوں کی چھتوں بالخصوص بند سکولوں میں کھڑے پانی کو ضائع کر نے کا فوری طور پر بندوبست کیا جائے۔ اجلاس میں محکمہ تعلیم کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے عملہ کے ذریعہ تمام سکولوں میں پانی کی ٹینکیاں خالی کر ے اور کسی بھی جگہ پر کھڑے پانی کو فوری طور پر ضائع کریں۔ اس موقع پر خصوصی ہدایت کی گئی کہ تمام فیلنگ سٹیشنوں، کباڑیوں، ٹائر شاپس اور دوسری جگہوں پر کڑی نظر رکھی جائے تاکہ کہیں پر بھی کھڑا پانی نظر نہ ائے۔اجلاس میں ڈی ایچ او سلیم خان نے صوبائی حکومت کے جانب سے کووِڈ- 19 کی تیسری لہر کے حوالے سے ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنے کی ھدایات دیں۔ انہوں نے کہا کہ وبا کے خلاف ہمارا بروقت ردعمل اور احتیاطی تدابیر پرعمل کرنا دنیا کے لئے ایک مثال بنا۔انہوں نے عوام سے گزارش کی ہے کہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرریلیف ریاض علی خان
نے کہا کہ صرف چند احتیاطی تدابیر جیسے ماسک پہن کر،دوسروں سے 6 فٹ کا فاصلہ رکھ کر، ہاتھ باقاعدگی سے دھو کر، اور بڑے اجتماعات سے اجتناب کر کے ہم خود کو اور دوسروں کو اس وبا سے بچا سکتے ہیں۔انہوں نے خبردار کیا کہ ایس او پیز کے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔
811 total views, no views today



