لاہور: ( ان لائن )وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل فیض پہلے انٹیلی جنس چیف نہیں جنہوں نےکابل کا دورہ کیا ۔امریکہ ترکی قطرکےچیف بھی افغانستان کا دورہ کرچکے ہیں۔ لاہورمیں سینئرصحافی مجیب الرحمن شامی کے بھائی کی وفات پرتعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں فواد چوہدری نےکہا کہ آج دنیا افغانستان کےحوالے سے وہی بات کررہی ہے جوعمران خان 2007سے کہہ رہے ہیں۔افغانستان میں ابھی سیاسی حکومت نہیں بنی تاہم غیرروایتی تعلقات موجود ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ آج نریندرمودی بانوے سالہ حریت رہنما کی میت سے بھی خوفزدہ ہے۔پاکستان سیدعلی گیلانی کی میت کی بے حرمتی کی مذمت کرتا ہے۔اسلام آباد سری نگر ہائی وے روڈ پر سید علی گیلانی کی یادگار بنانے کیلیے کابینہ میں تجویز دی جائے گی۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ بھارت اربوں ڈالر افغانستان میں لگانےکےباوجود تنہا ہوچکا ہے۔ بھارت کو بہت جلن ہو رہی ہے اسے برنال ایکسپورٹ کرنے کی ضرورت ہے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان کی اپوزیشن کو سمجھ نہیں آ رہی کس مسئلے پر کیا رائے دینی ہے۔ ابھی تک الیکشن کمیشن کے ممبران بارے انہوں نے نام نہیں دئیے۔ انتخابی اصلاحات سے متعلق بھی اپوزیشن سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہی۔
386 total views, no views today



