مینگورہ، سوات کے علمائے کرام نے رمضان المبارک کیلئے بیک وقت صوم وصلواۃ کے نفاذ کا اعلان کردیا،اس حوالے سے سوات پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مفتی سردرازخان فیضی اورمولانا محمدطیب نے کہاکہ مرتب کردہ یہ نقشہ ضلع سوات کے مقتدر علماء کرام و مفتیان صاحبان اور تخریج اوقات کے ماہرین نے عامۃ الناس کے بہتر دینی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے مکمل تحقیق و باہم مشاورت کے بعد اتفاق رائے سے مرتب کیا ہے لہذا تمام مساجد کے ائمہ کرام و خطیب حضرات اور انتظامیہ سے دست بستہ عرض ہے
کہ وہ اس نقشہ میں درج اوقات کی سختی سے پابندی کو یقینی بنانے میں اپنی شرعی ،دینی ذمہ داری کو بطریق احسن پورا کریں تاکہ تمام اذانیں،نمازیں اور سحری وافطاری شرعی ضوابط کے مطابق مکمل احتیاط کے ساتھ ادا ہوسکیں اور عام مسلمان ہرقسم کے اختلاف وانتشار سے محفوظ رہیں اللہ سبحانہ وتعالیٰ اخلاص کے ساتھ ہمیں ماہ مقدس میں زیادہ سے زیادہ عبادت اور نیکیوں کی توفیق عطاء فرمائیں،انہوں نے کہاکہ اس نقشہ میں سحری بند کرنے کا وقت پہلے خانہ میں درج ہے کہ اس وقت کے بعد اگر کوئی شخص کھاتا پیتار ہے تو اس کا روزہ درست نہ ہو گا جبکہ دوسرے خانہ میں نماز فجر کا وقت درج ہے اس سے قبل نہ پڑھی جائے،انہوں نے کہاکہ نقشہ میں عشاء کے دو وقت درج ہیں پہلے خانہ میں حضرات صاحبینؒ کے قول کے مطابق عشاء کا وقت درج کیا گیا ہے جو کہ سہولت پر مبنی ہے اور وقت سے پہلے عشاء کی اذان کسی کے ہاں بھی درست نہیں اگر کسی نے اس سے پہلے اذان دیدی تو وقت داخل ہونے کے بعد دوبارہ اذان دینا واجب ہے جبکہ امام اعظم ابو حنیفہؒ کا قول جو احتیاط پر مبنی ہے دوسرے خانہ میں درج ہے جس پر عمل کرنے کی صورت میں تمام فقہاء کرام کے ہاں بغیر کسی اختلاف کے نماز درست ہو جائیگی،لہذا مؤذن حضرات اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ ان کی اذان کسی بھی صورت میں وقت داخل ہونے سے پہلے نہ ہوالبتہ سحری وافطار میں تین منٹ کی احتیاط بہتر ہے،اس موقع پر مولانامحمدعالم،مفتی محمداسحاق ،قاری محب اللہ،مفتی عزیزاحمد اوردیگرعلماء بھی موجود تھے۔
347 total views, no views today


