سوات ،سوات میں شہید پولیس اہلکاروں کے بچوں کے اعزا زمیں گرینڈ پارٹی کا اہتمام کیا گیا ،شہدا پارک سیدوشریف میں منعقد ہ تقریب میں شہید اہلکاروں کے 102کمسن بچوں کو مدعو کیا گیا ،بچوں کے لئے تفریح کے ساتھ کھانے کا اہتمام کیا گیا جبکہ انہیں خصوصی تحائف بھی دئے گئے ،سوات میں ہفتہ شہدائے پولیس کی تقریبات جاری ہیں اور اتوار کے روز محکمہ پولیس کی جانب سے سوات میں کشیدگی کے دوران شہید ہونے والے پولیس افیسران اور جوانوں کے بچوں کے لئے شہداپارک سیدوشریف میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا اس موقع پر ڈی آئی جی ملاکنڈڈویژن آزاد خان مہمان خصوصی تھے جبکہ ڈی پی او سوات محمدسلیم مروت ، ایس پی سی ٹی ڈی ملاکنڈ ڈویژن امجدعلی خان ،ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر مذکرشاہ اور تمام سرکل ڈی ایس پیز بھی موجود تھے ،اس تقریب میں سوات پولیس کے شہدا کے 102کمسن بچوں کو مدعوکیا گیا تھا ان بچوں کے لئے پارک میں تفریح کے ساتھ ساتھ کھانے پینے کے خصوصی اسٹالز بھی لگادئے گئے تھے بچوں نے اس تقریب کو خوب انجوائے کیا اور اپنے والدین کی شہادت پر فخر کرتے ہوئے ملک کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہ کرنے کا عزم دہرایا ،اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی ملاکنڈ ڈویژن آزاد خان نے کہاکہ ہفتہ شہدائے پولیس منانے کا مقصد ان شہدا کی قربانیوں کو سلام پیش کرنا ہے جنہوں نے اس مٹی کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا لیکن دشمن کے آگے سرتسلیم خم نہیں کیا انہوں نے کہاکہ پولیس کی جانب سے شہدا کے بچوں کو جہاں پولیس میں بھرتی اور انہیں تنخواہیں دی جارہی ہیں وہیں اب ان کے خاندانوں کے بہتر مستقبل کے لئے اقدامات اٹھارہی ہے انہوں نے کہاکہ پولیس شہدا کی قربانیوں کو کسی صورت فراموش نہیں کیا جائے گا ،تقریب کے اختتام پر پولیس کی جانب سے پولیس شہدا کے بچوں میں خصوصی تحائف بھی تقسیم کئے گئے ۔
899 total views, no views today


