اسلام آباد: بڈھ بیر میں ایئربیس حملے کے دہشت گردوں کے کوائف افشا کرنے پر وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے معاملے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔ ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی نے پشاور، بڈھ بیر ایئربیس پر حملے کے دہشت گردوں کے کوائف افشا کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے
جب کہ انہوں نے وزارت داخلہ کو معاملے کی فوری تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ حملہ آوروں کی نشاندہی وقوعہ کے روز ہی ہوگئی تھی تاہم معاملے کی حساسیت کے سبب معلومات افشا نہیں کی گئیں۔
چوہدری نثار علی کا کہنا تھا کہ حساس معلومات کسی صورت افشا نہیں ہونا چاہیے کیوں کہ دہشت گردوں کے کوائف فوری بتانے سے تفتیش پر منفی اثر پڑسکتا ہے، ہوسکتا ہے بعض اداروں کے درمیان معلومات کا تبادلہ تشہیر کا باعث بنا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریکارڈ اور شواہد کے مطابق 8 دہشت گرد پاکستانی نہیں لگتے تاہم ان کی شناخت اور شہریت کے تعین کے لیے مزید وقت درکا رہے۔
واضح رہے بڈھ بیر ایئربیس پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں کیپٹن اور ٹیکینیشن سمیت 29 افراد شہید ہوگئے تھے جب کہ جوابی کارروائی میں تمام 13 دہشت گرد بھی مارے گئے تھے۔
330 total views, no views today


