مینگورہ، مینگورہ میں شہید صحافی موسیٰ خانخیل کی ساتویں برسی منائی گئی،اس حوالے سے سوات پریس کلب میں تقریب منعقدہوئی جس میں صحافیوں،سیاسی وسماجی شخصیات اور دیگر لوگوں نے کثیر تعدادمیں شرکت کی،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہاکہ آج سے سات قبل موسیٰ خانخیل کو مٹہ کے مقام پر اس وقت نامعلوم افرادنے گولیاں مارکر شہید کیا تھا جب وہ رپورٹنگ کیلئے گئے تھے،انہوں نے کہاکہ شہید کبھی مرتا نہیں اس لئے موسیٰ خانخیل شہید آج بھی ہمارے دلوں میں زندہ ہے جنہوں نے حق اورسچائی کی راہ میں جان کا نذرانہ پیش کیا ،انہوں نے کہاکہ سوات میں کشیدگی کے دوران عوام،فوجی جوانوں ،پولیس اہلکاروں اوردیگر بہت سے لوگوں نے قیام امن کی خاطر جام شہادت نوش کیا جس کے نتیجے میں سوات میں پائیدارامن قائم ہوا اوراب اس امن کو قائم رکھناہم سے کی مشترکہ ذمہ داری ہے،انہوں نے کہاکہ موسیٰ خانخیل کے علاوہ سوات میں تین دیگر صحافیوں نے بھی جام شہادت نوش کیا ہے تاہم یہاں کے صحافیوں کے حوصلے پست نہیں ہوئے بلکہ ان کے حوصلے مزید اورارادے مزید مضبوط ہوگئے اور اب بھی یہاں کے صحافی بڑی جانفشانی کے ساتھ قلم کے ذریعے ملک وقوم کی خدمت میں مصروف ہیں،مقررین نے عالمی صحافتی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ بھی سوات سمیت پاکستان کے شہید صحافیوں کی قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں کم ازکم ان کی شہادت کے آیام پر یاد کیاکریں اوران کے خاندانوں کو بھی یاد رکھیں،مقررین نے مرکزی اورصوبائی حکومتوں سے بھی مطالبہ کہ وہ شہداء کے والدین ،بیواؤں اوریتیموں کو نہ بھلائیں اوران کی فلاح وبہبودکیلئے مثالی اقدامات اٹھائیں،شرکاء نے موسیٰ خانخیل سمیت دیگر شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا،تقریب سے ڈی آئی جی ملاکنڈریجن آزادخان،عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی ایڈیشنل جنرل سیکرٹری وسابق صوبائی وزیر واجدعلی خان،سوات پریس کلب کے چیف آرگنائزر غلام فاروق،چیئرمین رشیداقبال،جنرل سیکرٹری فضل رحیم خان،شیرین زادہ،محبوب علی ،عیسیٰ خانخیل،ڈاکٹر خالد محمودخان،شمس الاقبال شمس،اخترعلی خان خطاب کیاتقریب میں آئی ایس پی آر کے میجر عبدالودود،میجرقمر،ایم پی اے فضل حکیم ،ریجنل آفیسرنفارمیشن سرورخٹک اورسیاسی وسماجی شخصیات نے شرکت کی۔
569 total views, no views today


