مینگورہ، عوامی نیشنل پارٹی نے ملاکنڈڈویژن میں کسٹم ایکٹ کیخلاف احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کرتے ہوئے سیاسی پارٹیوں اور عوام سے ساتھ دینے کا مطالبہ کردیا،اس حوالے سوات پریس کلب میں عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری واجدعلی خان اور ضلعی صدر شیر شاہ خان نے پارٹی کے دیگر قائدین کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مرکزی اورصوبائی حکومت نے ملاکنڈڈویژن میں کسٹم ایکٹ نافذ کرکے یہاں کے محب وطن عوام پرجو ڈرون حملہ کیا ہے اس کی نہ صرف پرزورمذمت کرتے ہیں بلکہ اس ظالمانہ اقدام کیخلاف بھرپور مزاحمت کا بھی اعلان کرتے ہیں، انہوں نے کہاکہ حکومت اپنے اس ظالمانہ فیصلے کو واپس لے کر عوام میں پھیلی ہوئی بے چینی ختم کرے اورانہیں احتجاجوں پر مجبورنہ کرے،انہوں نے کہاکہ ملاکنڈڈویژن اور سوات ٹیکس فری زون ہے جہاں پر پہلے سے روزگار نہ ہونے کے برابر ہے اوپر سے ٹیکسوں کے نفاذ سے بے روزگاری کا نیا سیلاب امڈآئے گا،انہوں نے کہاکہ مرکزی اورصوبائی حکومتوں کے نمائندے ایک دوسرے کو مورودالزام ٹہرارہے ہیں لیکن ان میں ن لیگ اور پی ٹی آئی برابرکی شریک ہیں ملاکنڈڈویژن میں کسٹم ایکٹ کے نفاذکے حوالے سے ڈویژن کے ہرشعبہ سے تعلق رکھنے والے ایک پلیٹ فارم پر ہیں جو اس ظلم کیخلاف بھرپورآوازاٹھارہے ہیں،انہوں نے کہاکہ اس ظالمانہ اقدام کی ذمہ داری مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف کی دونوں مخلوت حکومتوں پر عائد ہوتی ہے کسٹم ایکٹ کے نفاذکے بعد لوگوں کے سامنے حقائق پیش کرنے والے حکمران جماعتوں کے نمائندے یہ بھول رہے ہیں کہ ان کی جماعتوں نے لوگوں پر شاہی فرمان مسلط کیاہے ہم اس اقدام کیخلاف بھرپور مزاحمت کرنے کا اعلان کرتے ہیں اورخبر دار کرتے ہیں کہ اگر یہ ظالمانہ فیصلہ واپس نہ لیا گیا توہم ملاکنڈڈویژن کی تمام سیاسی جماعتوں،تاجروں ،ٹرانسپورٹروں ،وکلاء اور عوام کو ساتھ لے کر تحریک چلائیں گے ،انہوں نے کہاکہ ہم اس مطالبہ میں حق بجانب ہیں کہ ن لیگ،جے یوآئی ،پی ٹی آئی ،جماعت اسلامی اور قومی وطن پارٹی اپنی پوزیشن واضح کریں کہ اس وقت وہ حکومت کے ساتھ ہیں یا عوام کے ساتھ ہیں؟اس موقع پر ضلعی نائب ناظم عبدالجبارخان،تحصیل ناظم اکرام خان،ابراہیم دیولئی،خورشیدخان،رحمت علی خان ،عبدالعلی اشنااوراے این پی کے دیگر قائدین بھی موجود تھے،اس سے قبل انہوں نے حالیہ سیلاب سے ہونے والے جانی ومالی نقصانات پرافسوس کا اظہار کیا اورکہاکہ وہ جاں بحق افراد کے لواحقین کیساتھ اس بڑے غم میں برابر کے شریک ہیں،انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ زخمی ہونے والے افراد کے علاج معالجہ اور متاثرہ مکانات ومقامات کی بحالی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے، آخر میں عوامی نیشنل پارٹی کے عہدیداروں اور کارکنوں نے احتجاجاً سوات پریس کلب سے نشاط چوک تک جلوس نکالا ، مرکزی اور صوبائی حکومتوں کی خلاف شدید نعرہ بازی کی ۔
624 total views, no views today


