اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کی ماتحت عدالت نے آئی ایس آئی کے خلاف پروپیگنڈا کرنے کے الزام میں جنگ گروپ اور جیو کے مالک میر شکیل الرحمان اور صحافی حامد میر کے بھائی عامرمیر کے خلاف مقدمہ درج نہ کرنے پر متعلقہ پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او کو کل طلب کرلیا ہے۔اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج جہانگیر اعوان کی عدالت میں ارشد بھٹی نامی شہری کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا
کہ پولیس نے عدالت کے واضح احکامات کے باوجود میر شکیل الرحمان اور عامرمیر کے خلاف مقدمہ درج نہیں کیا اور اب بھی پولیس مقدمے کے اندراج کے لئے ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے، اس لئے وہ قانونی راستہ اختیار کرتے ہوئے دوبارہ عدالت آئے ہیں۔ عدالت نے درخواست گزار کا موقف سننے کے بعد ایس ایچ او مارگلہ پولیس اسٹیشن کو کل طلب کرلیا۔
واضح رہے کہ وفاقی دارالحکومت کی مقامی عدالت نے مدعی کی درخواست پر ہفتے کے روز آئی ایس آئی کے خلاف پروپیگنڈا کرنے پر جنگ گروپ اور جیو کے مالک میر شکیل الرحمان اور صحافی حامد میر کے بھائی عامرمیر کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا تھا۔
425 total views, 1 views today