مینگورہ ، محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے میڈیا اور ٹریڈ یونین کا اتحاد وقت کا تقاضہ ہے ۔مزدور وں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے صحافی برادری پاکستان ورکرز فیڈریشن PWF کا ہاتھ مضبوط کریں۔ ان خیالات کا اظہار ملک گیر مزدور تنظیم پاکستان ورکرز فیڈریشن (PWF) کے مرکزی کوارڈینٹر شوکت علی انجم نے سوات پریس کلب میں ’’مزدوروں کے
حقوق اور میڈیا کا کردار‘‘ پر دوروزہ ورکشاپ کے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس ورکشاپ میں سوات، درگئی ، مالاکنڈ، تیمرگرہ ، دیر ،پشاور اور دیگر اضلاع کے 21 صحافیوں نے شرکت کی ۔ اختتامی تقریب سے سوات پریس کلب کے چیئرمین رشید اقبال، ممتاز کالم نویس روخان یوسفزئی پشاور، عبداللہ مدنی تیمرگرہ ، عمر باچہ شانگلہ ،نجیم شاہ درگئی ، PWF کے ٹرینر ڈاکٹر محمد اسحاق اور دیگر صحافیوں نے خطاب کیا۔ پاکستان ورکرز فیڈریشن (PWF) کے مرکزی کوارڈینٹر شوکت علی انجم نے صحافیوں سے اپیل کی کہ وہ مزدورتحریک اور میڈیا کے درمیان رابطے کو مضبوط کرنے میں کلیدی کردارا دا کریں اور مزدوروں کو درپیش مسائل انجمن سازی، اجتماعی سوداکاری ، چائلڈ لیبر، سماجی تحفظ، صحت مند حالات کار، صنعتی حادثات سے تحفظ،لیبر قوانین سے آگاہی اور عملدرآمد،عالمی ادارہ محنت کے کنونشنز پر عملدرآمد، بنیادی انسانی حقوق کی پامالی کا روک تھام کرکے محنت کش طبقہ سے تعاون کریں۔ سوات پریس کلب کے چئیر مین رشید اقبال نے خطاب کرتے ہوئے میڈیا اور مزدورتحریک کے درمیان رابطوں کو مضبوط کرنے پر زور دیتے ہوئے مالاکنڈ ڈویژن کے صحافیوں کی جانب سے پاکستان ورکرز فیڈریشن کو مزدوروں کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔اس موقع پر ممتاز کالم نویس روخان یوسفزئی اور شوکت علی انجم نے سوات پریس کلب کے چیئرمین رشید اقبال کو پی ڈبلیو ایف کے جانب سے شیلڈ دیا۔
438 total views, no views today


