چیئرمین ڈیڈک سوات فضل حکیم خان نے ضلع سوات کے ترقیاتی محکموں کے سربراہوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ضلع بھر میں جاری ترقیاتی سکیموں پر کام کی رفتار تیز کریں اور اُن کی مقررہ وقت میں تکمیل کو یقینی بنائیں،خصوصاًسیدو شریف ہسپتال میں جاری تعمیر اتی کام 31دسمبر2017کو مکمل کیا جائے اور محکمہ صحت کو حوالہ کیا جائے۔وہ جمعرات کے روز اپنے دفتر میں ڈیڈک سوات کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔اجلاس میں ایس پی خان خیل ،اے سی بابوزئی شہاب محمد خان،تحصیل ناظم بابوزئی اکرام خان کے علاوہ محکمہ خزانہ،سی اینڈ ڈبلیوبلڈنگ و ہائے وے،ٹی ایم اے،آبنوشی ،آبپاشی اور دیگر ضلعی آفسران نے شرکت کی۔فضل حکیم خان نے اجلاس کو بتایا کہ صوبائی حکومت کی پالیسی روز روشن کی طرح واضح ہے جس کے تحت عوام کا پیسہ عوام کی ترقی اور خوشحالی پر ہی خرچ ہوتا ہے۔اس طرح کام کے معیار پر سودا بازی کی کوئی گنجائش نہیں ہوتی اور نہ ہی منصوبوں میں طوالت کی اجازت ہوتی ہے۔اب چونکہ تمام افسران اس پالیسی کو خوب جان چکے ہیں اور وہ اسی پالیسی کے تحت ہی کام کر تے ہیں لہذا ترقیاتی کاموں کے معائنہ کے دوران اب شکایات کا موقع کم ہی ملتا ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے موئثرقانون سازی کے ذریعے ایک ایسے نظام کی بنیاد رکھ دی ہے جہاں وزیراعلیٰ سمیت کسی بھی وزیراورسرکاری عہدیدار کا احتساب ممکن ہوگیاہے جو نئے پاکستان کے قیام کی جانب ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ضلع سوات میں کرپٹ عناصر کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے افسران اور اہلکارخود کوعوام کا خادم سمجھ کر اُن کے مسائل حل کریں اور ان کو شکایت کا موقع نہ دیں بصورت دیگر ضلع بدرکئے جائیں گے۔
1,362 total views, no views today