سوات ،وزیر اعظم کے مشیر اور پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی سینئر نائب صدر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ ن لیگ کی مرکزی حکومت ملک میں ہر صورت پائیدار امن چاہتی ہے جس کیلئے عملی اقدامات جاری ہیں ، ہماری کوشش ہے کہ خون بہائے بغیر امن قائم ہوجائے ، لنڈاکے سے کالام تک سڑک کی تعمیر پر 15 جون سے کام شروع ہوجائے گا ، 28 مئی کو یوم تکبیر
کے موقع پر ہم سب کو ملک کی بقاء اور سلامتی کیلئے کردار ادا کرنے کا عزم کرنا چاہیئے ، ان خیالات کااظہار انہوں نے سوات پریس کلب میں سوات جیولرز ایسو سی ایشن کی نو منتخب عہدیداروں حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اس سے قبل مشیر وزیر اعظم انجینئر امیر مقام نے سوات جیولر ایسو سی ایشن کے نومنتخب عہدیداروں سے حلف لیا ، تقریب سے سوات ٹریڈر فیڈریشن کے صدر عبدالرحیم ، سوات جولر ز ایسوسی ایشن کے صدر سجاد خان ، جنرل سیکرٹری سعداللہ خان اور خورشید اقبال نے بھی خطاب کیا ، انجینئر امیر مقام نے زرگر برادری کے نومنتخب عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ برادری کی بے لوث خد مت اپنا شعار بنائیں اور کبھی بھی ان کو ٹھیس نہ پہنچائیں ، انہوں نے کہا کہ عوام کی بے لوث خدمت عین عبادت ہے ، جو ہماری زندگی کا مشن ہے ، انہوں نے صرافہ بازار کے تمام ٹرانسفارمروں کو اپ گریڈ کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ تمام صلاحیتیں عوام کے مسائل کے حل کیلئے بروئے کار لاؤں گا ، انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم میاں نواز شریف ملک میں توانائی کے بحران پر قابو پانے کیلئے اقدامات اٹھارہے ہیں ، پچھلے سالوں کی نسبت بجلی لوڈشیڈنگ میں کمی آئی ہے ، جبکہ چند سال بعد ملک سے لوڈ شیڈنگ کا مکمل خاتمہ کریں گے، انہوں نے کہا کہ 1997 میں اس وقت کے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے بیرونی دباؤ کو مسترد کرکے 28 مئی کو سات ایٹمی دھماکے کئے جس کی وجہ سے آج ہم بھارت کے ساتھ برابری کی بنیاد پر بات کررہے ہیں ، وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی حکمت عملی سے ڈالر کی قیمت میں نمایاں کمی واقعی ہوئی ہے ، جس سے ملک میں معاشی استحکام آیا ہے ، انہوں نے کہا کہ سوات ملاکنڈ ڈویژن کا ہیڈ کوارٹر ہے جس کو اللہ تعالیٰ نے ہر قسم نعمتوں سے نوازا ہے لیکن آج تک اس کو اسکی حیثیت کا حق نہیں ملا، انہوں نے کہا کہ عوام جذبات میں آکر مختلف نعروں سے متاثر ہوکرووٹ کا استعمال کرتے ہیں ، جسکی وجہ سے ہمارے مسائل حل ہونے کے بجائے مزید بڑھ رہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ اپنے حقوق کے حصول اور مسائل کے حل کے لئے ہمیں اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرنا ہوگا ۔
633 total views, no views today


