مالاکنڈ(سوات نیوزڈاٹ کام)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ آئندہ انتخابات جیتنے کے بعد ملک کے اداروں کو ٹھیک کریں گے۔مالاکنڈ یونیورسٹی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں کبھی حقیقی جمہوریت نہیں ائی، بیڈ گوررننس کی وجہ سے پاکستان مقروض ہوا، ملک کے سارے اداروں کو ٹھیک کرنا کوئی بڑی بات نہیں، امیروغریب کے لیے الگ الگ قانون سے قومیں تباہ ہوجاتی ہیں۔ ملک کے سربراہ کو نکالا جائے تو وہ یہ کہتا ہے کہ مجھے کیوں نکالا بلکہ ہمارے سابق وزیر اعظم 40 گاڑیوں کے ساتھ عدالت میں آتے ہیں۔
چئیرمین پی ٹی آئی کہا کہ اداروں کی تباہی سے ملک تباہ جب کہ قانون کی بالادستی سے ملک مضبوط ہوتے ہیں، گورننس کی ناکامی سے ہی ملک مقروض ہوا ہے ، دنیا کی خوشحال قوموں کا گورننس سسٹم بہترین ہے، آج بنگلا دیش بھی پاکستان سے آگے نکل چکا ہے۔عمران خان نے کہا کہ 2002 میں پہلی بار ایم این اے بنا تو آفس میں چائے والا اسکول ٹیچر بننے کی درخواست لے کر آگیا،میں نے اس سے پوچھا تمہاری تعلیم کتنی ہے تو کہا کہ میٹرک فیل ہوں، میں نے کہا کہ تم اسکول ٹیچر کیسے بن سکتے ہو، اس طرح تو بچوں کی تعلیم متاثر ہوگی پھر وہ کیسے آگے بڑھیں گے جبکہ تعلیمی میدان میں زبردست میرٹ سسٹم کی ضرورت ہے۔عمران خان نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں جیتنے کے بعد ملک کے اداروں کو ٹھیک کریں گے، پنجاب اور سندھ میں لوگ پولیس سے ڈرتے ہیں، اے ڈی خواجہ نے کہاکہ ہمیں خیبرپختونخوا جیسی پولیس چاہیے، اے ڈی خواجہ خود کہتے ہیں کہ سندھ میں پولیس افسران پیسے دیکر اوپر آتے ہیں جب کہ خیبرپختونخوا میں بہتر پولیس کی وجہ سے جرائم میں 70 فیصد کمی آئی۔
1,795 total views, no views today



