لندن: اسکاٹ لینڈ یارڈ نے متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کو منی لانڈنگ کیس میں گرفتار کرلیا تاہم ایم کیو ایم نے گرفتاری کی تردید کی ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کو لندن کے علاقے نارتھ ویسٹ میں ایک گھرسے منی لانڈرنگ کیس میں گرفتارکیا گیا۔ اسکاٹ لینڈ یارڈ نے نارتھ ویسٹ سے گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے قانونی وجوہات کی بنا پر گرفتار شخص کا نام ظاہر کرنے سے معذرت کی ہے۔ لندن پولیس کا کہنا ہے کہ نارتھ ویسٹ لندن کے گھر میں ابھی بھی سرچ آپریشن جاری ہے اور یہ کارروائی پولیس کے اسپیشلسٹ آپریشنز یونٹ نے کی۔
دوسری جانب ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے الطاف حسین کی گرفتاری کی تردید کرتے ہوئے عوام سے پر امن رہنے کی اپیل کی ہے، لندن سے ام کیو ایم کے ڈپٹی کنوینر ندیم نصرت نے ٹیلیفونک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ الطاف حسین کو گرفتار نہیں کیا گیا وہ اپنے گھر میں ہی موجود ہیں لہذا عوام افواہوں پر کان نہ دھریں اور اپنے جذبات پر قابو رکھیں۔ الطاف حسین اسپتال جانے کے لیے تیار ہو رہے تھے کہ پولیس پہنچ گئی اور کہا کہ وہ ان کو حراست میں لے کر تفتیش کرنا چاہتی ہے۔ پولیس کے پاس سرچ وارنٹ بھی تھا لیکن الطاف حسین تاحال اپنے گھر پر موجود ہیں۔
الطاف حسین کی گرفتاری کی خبر میڈیا پر نشر ہونے کے بعد کراچی اور حیدرآباد سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں افراتفری پھیل گئی اور کارباری مراکز، مارکیٹیں، پیٹرول پمپس بند ہونا شروع ہوگئے جب کہ ایم کیو ایم کے رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد متحدہ کے مرکز نائن زیرو پہنچ گئی۔ وزیراعظم نواز کو پاکستان مسلم لیگ ن کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کے دوران الطاف حسین کی گرفتاری اور اس کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال سے اگاہ کیا گیا۔
واضح رہے کہ ڈاکٹرعمران فاروق قتل کیس میں تحقیقات کے دوران لندن پولیس نے الطاف حسین کے گھر کی تلاشی لی تھی اور اس دوران انھیں بھاری نقدی ملی تھی اور اسی سلسلے میں دسمبر 2013 میں 2 افراد کو حراست میں لیا گیا تھا۔
438 total views, no views today


